اقوام متحدہ کے کردار پر امریکی صدر کی شدید تنقید،جنرل اسمبلی کے خطاب میں عالمی اداروں کی اصلاحات پر زور

نیویارک( ملت ٹائمز/ایجنسیاں)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنا کردار کھو چکا ہے، عالمی ادارہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام نہیں کر رہا، ادارے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے 72 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر منعقدہ خصوصی اصلاحاتی سیشن سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بیوروکریسی سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس عالمی ادارے کی پالیسیوں میں اصلاحات لائیں۔امریکی صدر نے اقوام متحدہ کے دنیا بھر میں جاری آپریشنز پر آنے والے اخراجات کا سب سے زیادہ بوجھ امریکا کی جانب سے اٹھائے جانے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ کسی بھی ملک پر غیر منصفانہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔ امریکا جن مقاصد کے لیے اقوام متحدہ میں پیسہ لگا رہا ہے اس کے نتائج نظر نہیں آ رہے۔ دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے بحالی امن مشنز پر جو خرچہ آتا ہے اس کا 28.5 فیصد حصہ امریکا ادا کرتا ہے جو کہ غیر منصفانہ ہے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے اعتراف کیا کہ انتظامی معاملات میں پیچیدگیوں کی وجہ سے ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔اس لئے وہ کسی بھی حوالے سے کوئی اقدام اٹھا نہیں سکتے
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 72 واں اجلاس 12 ستمبر سے شروع ہو چکا ہے جبکہ 19 ستمبر سے سربراہان مملکت کے خطابات کا سلسلہ شروع ہو گا۔ 19 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور امکان ہے کہ اپنے خطاب میں وہ شمالی کوریا اور عالمی دہشت گردی پر بات کریں گے۔ دوسری جانب مختلف ممالک کے سربراہان اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔