نئی دہلی : ( ملت ٹائمز؍پریس ریلیز )
الیکشن کمیشن دستوری طور پر ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے ،صاف شفاف الیکشن کرانا اور عوام کا اعتماد بحال رکھنا اس کی سب سے اہم ذمہ داری ہے ،ہندوستانی جمہوریت کے نظام اور اس کی بقا کا دارومدار اسی ادارے پر ہے ، اس ادارے پر اگر کسی طرح کا کوئی حکومتی دباﺅں بنایا جاتا ہے یا عوام کو کسی طرح کا کوئی شک ہوتاہے تو وہ انتہائی افسوسناک اور ہندوستانی جمہوریت کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ،ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظور عالم نے کیا ۔
انہوں نے اپنے پریس نوٹ میں کہاکہ ہماچل پردیش اور گجرات کے اسمبلی انتخابات کا وقت قریب قریب برابر ہے ۔ ہماچل کا نومبر میں ہورہاہے اور گجرات کا دسمبر میں، لیکن الیکشن کمیشن نے صرف ہما چل پردیش کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جبکہ گجرات کا نہیں کیا ہے حالاں کا دونوں کا اعلان ایک ساتھ ہوناتھا ،انہوں نے کہاکہ ایسالگتاہے کہ الیکشن کمیشن پر دباﺅ بناکر گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک ساتھ کرنے سے روکیا گیا ہے اور اس کی وجہ ہے یہ ہے کہ 22 اکتوبر کو وزیر اعظم مودی صاحب گجرات میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں،اگر اس سے پہلے تاریخ کا اعلان کردیاجاتاہے تو بہت ساری اخلاقی ذمہ داریاں عائد ہوجائیں گی جس کی بنیاد پر وہ ہمیشہ کی طرح عوام کو جھوٹے خواب نہیں دکھاپائیں گے اور نہ ہی وعدوں کا پٹارا کھول پائیں گے اس لئے تاریخ کے اعلان کئے جانے کو روک دیاگیا ہے تاکہ وہ ہمیشہ کی گجرات کو ایک مرتبہ پھر جملوں کی سوغات دے سکیں۔
ڈاکٹر منظور عالم نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ملک میں یہ بات زیر بحث ہے کہ اسمبلی اور عام انتخابات پورے ملک میں ایک ساتھ کرائے جائیں ایسے میں تاریخ کااعلان بھی ایک ساتھ نہیں کرنے دیا جارہاہے ،انہوں نے کہاکہ ایسا ہوتاآیاہے کہ جب متعدد ریاستوں کا انتخاب قریبی تاریخ میں ہوتاہے تو سبھی کا اعلان الیکشن کمیشن ایک ساتھ کرتاہے ،لیکن ایسا پہلی مرتبہ ہواہے کہ ہماچل پردیش اور گجرات میں انتخابات نومبر اور دسمبر میں منعقد ہورہے ہیں لیکن ایک ریاست کی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا گیاہے جبکہ دوسری کا نہیں کیا گیاہے جو افسوسناک ہے اور عوام کو یہ تاثر مل رہاہے کہ الیکشن کمیشن جیسے خود مختار اور آزاد دستوری ادارہ پر بھی حکومت کی بالادستی قائم ہے اور اسے آزادانہ طور پر کام نہیں کرنے دیا جارہاہے ، انہوں نے اس کیلئے الیکشن کمشنر کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا اور کہاکہ وہ اپنے عہدہ کے ساتھ انصاف کرنے اور ملک کے جمہوری ڈھانچہ کے برقراررکھنے کے بجائے حکومت وقت کے دباﺅ میں کام کررہے ہیں جو نہیں ہونا چاہیے اورایک آزاد دستوری ادارے کا حکومت کے دباﺅمیں آجانا سنگین خطرے کی علامت ہے ۔





