سابق جرمن وزیر خارجہ ویسٹر ویلے انتقال کر گئے
برلن،18؍مارچ
ملت ٹائمز؍ایجنسیاں
جرمنی کے سابق وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے انتقال کر گئے ہیں۔ اُن کا انتقال 54 برس کی عمر میں ہوا۔ ویسٹر ویلیایک طویل عرصے سے سرطان کے عارضے میں مبتلا چلے آ رہے تھے۔
گیڈو ویسٹر ویلے کی ان ہی سے موسوم ویسٹر ویلے فاؤنڈیشن کی جانب سے انٹرنیٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے:ہم لڑے، ہماری نظر منزل پر تھی، ہم ایک ساتھ گزرے ہوئے بہترین وقت کے لیے شکر گزار ہیں۔ محبت باقی رہے گی۔ وہ کولون میں زیر علاج تھے۔ اُنہیں گزشتہ سال نومبر میں حالت خراب ہو جانے پر ہسپتال لے جایا گیا تھا اور وہیں آج اُن کا انتقال ہو گیا۔
ویسٹر ویلے فاؤنڈیشن کے مطابق سابق وزیر خارجہ خون کے سرطان میں مبتلا تھے۔ گیڈو ویسٹر ویلے 2001ء سے لے کر 2011ء تک جرمنی کی لبرل سیاسی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ 2009ء سے لے کر 2013ء تک وہ جرمنی کے وزیر خارجہ بھی رہے۔گیڈو ویسٹرویلے ستائیس دسمبر 1961ء کو باڈ ہونیف نامی قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔