میں جنم سے تو نہیں لیکن کرم سے بہاری ہوں، اس سرزمین سے ہمیشہ بے پناہ محبت ملی : صدر جمہوریہ

( ملت ٹائمز )
پٹنہ سے نور السلام ندوی کی رپورٹ
صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج بہار کے عوام کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے تیسرے زرعی روڈمیپ 22-2017 کا افتتاح کیا . وہ بہار کی راجدھانی پٹنہ کے باپو سبھا گار میں ایک لاکھ چوون ہزار کروڑ روپیہ کے زرعی روڈ میپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اپریل 2017 سے چمپارن ستیہ گرہ کی صدی تقریبات منائ جارہی ہے . ستیہ گرہ تحریک کسانوں کی تحریک تھی اس مناسبت سے زرعی روڈ میپ کا افتتاح ایک بہتر قدم ہے اس سے کسانوں کو بڑا فائدہ پہنچےگا. انہوں نے کہا کہ میں جنم سے تو نہیں البتہ کرم سے بہاری ہوں بہاریت میری پہچان ہےاور مجھے اس پر فخر ہے. بہار کے عوام نے گورنر رہتے ہوئے مجھے جس قدر پیار ومحبت دیا ہے وہ میری زندگی کا یادگار لمحہ ہے وہ ہمیشہ میرے دل میں ترتازہ رہتا ہے. انہوں نے کہا کہ زرعی روڈمیپ سے بہار کا امیج مزید بہتر ہوگا. صدر جمہوریہ نے کہا کہ باپو میرے آئڈیل ہیں اور راشٹر پتی بھون پہنچ کر بھی باپو کے آدرش پر نہیں چل سکا تو زندگی ادھوری ہے. کووند فضائیہ کے خصوصی طیارہ سے سوا گیارہ بجے پٹنہ پہنچے اور گورنر ہاوس کے چوراہے پر ملک کے پہلے صدر جمہوریہ ڈاکٹر راجندر پرساد کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا . بہار کی سیاسی تاریخ میں کووند واحد ایسے شخص ہیں جو بہار کے گورنر رہتے ہوئے صدر جمہوریہ کے لئے منتخب ہوئے . عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ان کا بہار کا پہلا دورہ تھا اس کے لئے بڑے پیمانہ پر تیاری کی گئ تھی. حفاظت کے بھی پختہ انتظام کئے گئے گئے تھے .بہار کے گورنر ستیہ پال ملک اور وزیر اعلی نتیش کمار نے صدر جمہوریہ کا شاندار استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔