دہلی میں ایک اور قبرستان کو ہڑپنے کی سازش،بیشتر حصہ پر پہلے ہی ڈی ڈی اے کرچکی ہے قبضہ،عوام نے وقف بورڈ اور کجریوال سرکا ر کو ٹھہرایا ذمہ دار

ایڈوکیٹ شاہد علی قبرستان کا جائزہ لیتے ہوئے

نئی دہلی(ملت ٹائمزعامر ظفر)
ہندوستان کی قومی راجدھانی دہلی میں قبرستان پر قبضہ کرنے کا ایک اور تازہ واقعہ سامنے آیاہے ،ملت ٹائمز کو معتبر ذرائع سے ملی خبر کے مطابق تغلق آباد میں انتہائی اہم جگہ پر واقع ایک قبرستان پر ڈی ڈی اے قبضہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ،اوقاف کی بازیابی کیلئے مسلسل جدوجہد کرنے والے یونائٹیڈ مسلم فرنٹ کے صدر ایڈوکیٹ شاہد علی نے ملت ٹائمز کو بتایاکہ تغلق آباد قبرستان میں گٹر کا پانی کھول دیا گیا ہے ،آدھا سے زائد قبرستان اب استعمال کے قابل نہیں رہا نیز وہاں سے درختوں کو بھی کاٹا جارہاہے ،انہوں نے کہاکہ اس قبضہ میں ڈی ڈی اے کے ساتھ دہلی وقف بورڈ کے بدعنوان افسران بھی برابر کے شریک ہیں اورسبھی کی رضامندی سے یہ ہورہاہے ،انہوں نے کہاکہ قبرستان کی اس زمین کو ہڑپ کر یہاں پر کالونی آباد کرنے کی سازش چل رہی ہے ۔
شاہد علی نے بتایاکہ اوکھلاانڈیسٹریل علاقے میں کراﺅن پلازہ کے سامنے واقع تغلق آباد قبرستان دہلی کے ان 300 قبرستانوں میں شامل ہے جسے سپریم کورٹ کے حکم پر ایکوائرکرایاگیاتھااس لئے اس پر قبضہ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،انہوں نے مزید کہاکہ یہ قبرستان کل 50000 ہزار گز پر مشتمل تھا جس میں 40000گز پر قبضہ کرکے ڈی ڈی اے نے پارک بنادیا ،بقیہ 10000 گزمیں سے بھی پانچ ہزار پر ایک ماہ قبل قبضہ کرلیاگیاہے اور باقی بچے پانچ ہزار کو بھی ہڑپنے کی مکمل سازش ہے ۔
شاہد علی نے اس پورے معاملے کیلئے کجریوال سرکار کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔

تغلق آباد قبرستان کی موجودہ صورت حال جسے نالے میں تبدیل کردیاگیاہے(تصویر شاہد علی کے فیس بک سے)