سہارنپور کو مختلف کھیل مقابلوں میں 27 ملے طلائی تمغے، گلوبل نالج پارک میں منعقد سہ روزہ قومی کھیل کود مقابلے اختتام پذیر

دیوبند(ملت ٹائمز سمیر چودھری)

گلوبل نالج پارک میں منعقد سہ روزہ فرسٹ انڈین اسپورٹ فیڈریشن گیمز 2017 اختتام پذیر ہوگیا۔ آخری دن فٹ بال، بیڈمنٹن، کبڈی اور لانگ جنپ وغیرہ کھیلوں میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مختلف مقابلوں میں سہارنپور کے کھلاڑیوں نے دبدبہ قائم رکھتے ہوئے سب سے زیادہ 27 طلائی تمغے جیتے۔اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول کے زیرانتظام جی ٹی روڈ پرواقع گلوبل نالج پارک میں چل رہے کھیل مقابلوں کے آخری مرحلے میں سہارنپور اسٹیڈیم اور اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول (انڈر18) کے درمیان فٹ بال میچ کھیلا گیا، جس میں سہارنپور اسٹیڈیم نے اسپرنگ ڈیل کو 1-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا،کبڈی مقابلوں میں 35ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں دیوبند ،رنکھنڈی کی ٹیم نے آرین پبلک اسکول اور روزپبلک اسکول کی ٹیم کو شکست دیتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔لانگ جنپنگ میں متھرا کے کھلاڑی سمت اور طالبات میں اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول کی نمیرہ ظفر اور شاٹ میں میرٹھ اکیڈمی کے وکاس چودھری نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ کھیل کورڈی نےٹر اکرم کاظمی نے بتایا کہ ان کے علاوہ فٹ بال میں انڈر -15 میں گلوبل اسپورٹ اکیڈمی طلائی، انڈر -14 میں دون ویلی پبلک اسکول نے طلائی اور گلوبل اسپورٹ اکیڈمی نے سلور میڈل جیتے۔ انہوں نے بتایا کہ کھیل مقابلہ میں سہارنپور کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 طلائی تمغوں پر قبضہ کیا جبکہ متھرا 7 اور میرٹھ نے 6 سونے کے تمغے حاصل کیے ہیں۔ اکرم کاظمی نے بتایا کہ کھیل مقابلہ میں ہریانہ، پنجاب، گجرات، اتر پردیش اور اتراکھنڈ کی تقریبا 40 ٹیموں نے حصہ لیا۔ اسکول چیئرمین سعد صدیقی نے کہا کہ گلوبل نالج پارک دیوبند علاقے کا پہلا اسکول ہے،جس میں پہلی مرتبہ فرسٹ انڈین اسپورٹ فیڈریشن کے گیمز ہوئے ہیں۔اس موقع پر وائس چیئرمین احمد صدیقی، پرنسپل کلونجیت اوبرائے،نورالحسن گوڑ،بسنت اپادھیائے، رفیع عثمانی، سہیل خان، شاذیہ، شویتا، راشی چھابڑا، توصیف قریشی، دیپک کمار، کلیم صدیقی، نوید ہاشمی، اکر خان وغیرہ بھی موجود رہے۔