شریعتِ اسلامیہ ہی زد پہ کیوں۔۔۔؟

محسن رضا ضیائی  
”نئی مجوزہ حج پالیسی“ کے تناظر میں ایک چشم کشا تحریر 
 یہ امرآفتابِ نیم روز کی طرح ظاہر وباہر ہے کہ اسلام دین فطرت ہے۔ اس کے تمام اصول وقوانین نہایت ہی آسان اور سب کے لیے یکساں ہیں۔اسلام انسانی حقوق ومساوات اورآپسی پیارومحبت کا درس دیتا ہے۔اس کی تعلیمات پوری دنیا کے لوگوں کے لیے مشعلِ راہ اور چراغِ راہِ ہدایت ہیں۔ایک انٹرنیشل ویب سائٹس کے مطابق پوری دنیا میں تقریباً۲۰۰،۴مذاہب وادیان ہیں،جن میں سب سے زیادہ اعتدال پسند،رواداراور افراط وتفریط سے یکسر خالی مذہب صرف اسلام ہی ہے۔یہ محض دعویٰ نہیں ہے ،بلکہ اس کی ہدایات وتعلیمات اور احکام وشرائع سے جگ ظاہر ہے۔بے شمار غیر مسلم محققین اور سائنسدانوں کے نظریات وخیالات اسلام کی حقانیت کے شاہدِ عدل ہیں،جن کا کہنا ہے کہ اسلام دنیا کا ایک عالم گیر اور ہمہ جہت مذہب ہے جو نہ صرف امن وآشتی ،الفت ومحبت اور وسطیت واعتدال کا گہوارہ ہے،بل کہ اس میں افراط وتفریط کا بھی کچھ عمل دخل نہیں ہے۔لہذا اسلام کے کسی بھی پہلو اور گوشے سے اعراض وانحراف کرنا یہ عقل وفہم کے صریح خلاف ورزی ہے۔خیال رہے کہ یہاں صرف شریعت اسلامیہ اور موجودہ پیش آمدہ مسائل ہی کو ضبط تحریر میں لانا مقصد ہے۔یہ تو صرف آنے والی گفتگو کے لیے تمہیدی کلمات ہیں ،تاہم اتنا ضرور ہے کہ متذکرہ بالا گفتگو اسلام کی جزوی عکاسی ضرور کرتی ہے۔

یہ بات ہر ذی علم شخص جانتاہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیب ﷺپر تیئیس سالوں کی مدت میںبتدریج قرآن پاک نازل فرمایا، جس کو قیامت تک آنے والے تمام انسانوںکے لیے راہِ ہدایت اور قانونِ اِلٰہی قراردیا۔اسی طرح رسول اللہﷺ کے اقوال وافعال اوراعمال وتقریرات کوبھی قانونِ اسلام یا شریعت اسلامیہ کہا جاتا ہے۔گویاکہ قرآن پاک اورپیغمبراسلام ﷺکی تعلیمات وہدایات ہی شریعت اسلامیہ ہے ،جس میں کسی بھی طرح کی ترمیم وتبدیلی کی کوئی گنجائش نہیںہے۔بلکہ اس میں بے جا مداخلت ناقابل برداشت اور ناقابل معافی جرم ہے۔بہت سی مرتبہ اس میں ترمیم وتبدیلی کی ناجائز کوششیں بھی کی گئی ہیں لیکن مخالفین ِشریعت کو ہر مرتبہ ذلت ورسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

چند ماہ قبل ملک میں”طلاقِ ثلاثہ “ ،نکاح نامہ،حجاب اورجانوروں کی قربانی وغیرہ جیسے حساس مسائل پربحث وتمحیص کا بہت زیادہ سلسلہ دراز رہا۔طلاقِ ثلاثہ کی آڑ میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کی گھنونی سازش بھی رچی گئی تھی اور کھلے عام شریعتِ اسلامیہ کا مزاق اڑایا گیاتھا۔حکومت طلاقِ ثلاثہ کے بہانے ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنا چاہتی تھی،لیکن وہ اپنے اس منصوبے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔مسلمانوں کے اتحاد نے اسے ایساچاروں شانے چت کیاکہ وہ دیوالیہ پن کا شکار ہوکر رہ گئی۔اسی طرح ہندوستانی میڈیا(صحافی روش کمار کی زبان میں گودی میڈیا)نے بھی شریعتِ اسلامیہ کو زک پہنچانے میں کسی طرح کی کوئی کسر نہیں چھوڑاتھا۔حد تو یہ ہے کہ اس اسلامی وشرعی مسئلے پر سیاست بھی خوب ہوئی اور سب ہی نے اپنی اپنی سیاسی روٹیاں سینکیں۔ابھی یہ سیاست سرد بھی نہ ہونے پائی تھی کہ زخم خوردہ مرکزی حکومت کی طرف سے ایک بار پھر شرعی امورومعاملات میں بے جا مداخلت کی مذموم کوشش کی گئی۔ حال ہی میں ریویوکمیٹی(Review Committee) کے کورآرڈینیٹر افضل امان اللہ کی زیرِ قیادت ۵ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ،جس نے ۸۱۰۲سے ۲۲۰۲ءتک کے لیے مجوزہ حج پالیسی تیار کی اور ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا کے منعقدہ اجلاس میںوزیر براے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو اپنی رپورٹ سونپی۔یہ انتہائی حیرت انگیز،شریعت مخالف اور آر ایس ایس وبے جے پی کے اشاروں پر تیار کی گئی ایک رپورٹ ہے ،جس میں عازمین حج کو دی جانے والی سبسیڈی کی برخاستگی، خاتون عازمین کو کم سے کم چار کے گروپ کی شکل میں محرم مرد کے بغیر سفر حج کی اجازت،ہر حاجی کے لیے قربانی کا کوپن خریدنا لازمی،حج کے روانگی کے مراکز میں تخفیف اور ستر سال سے زائد عمر کے عازمین کی ریزروکیٹیگیر ی(Reserve category) کو ختم کرنا وغیرہ جیسی پالیساں اور تجاویز پیش کی گئی ہیں۔سچ تو یہ ہے کہ ۵ رکنی کمیٹی جو تشکیل دی گئی تھی اس میںعلماے کرام،مفتیانِ عظام اور مرکزی وریاستی حج کمیٹیوں کے ممبران وعہدے داران شامل نہیںتھے ،بل کہ یہ کمیٹی نااہل اور شریعت سے عاری افراد پر مشتمل تھی،جنہیں پتہ ہی نہیں کہ شریعت اور اس کےاصول وقوانین کیا ہیں؟

مہاراشٹر حج کمیٹی کے چیئرمین اور حج کمیٹی آف انڈیا کے رکن حاجی محمد ابراہیم شیخ عرف بھائی جان سے جب ان سفارشات کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے صاف طور پر کہا کہ ”افضل امان اللہ کی سربراہی والی ریویو کمیٹی کی رپورٹ کے بارے میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اراکین کو علم ہی نہیں ہے۔ا س میں کئی مشورے ایسے دیے گیے ہیں ،جن پر ابھی سے لوگوں کے فون آنے شروع ہوگیے ہیںاور کچھ تو ایسی تجاویز بھی ہیں،جو شریعت میں مداخلت ہے۔یہ قطعاً نا مناسب اور غلط ہے“۔

اس رپورٹ کے منظر عام پرآتے ہی پورے مسلم حلقے میں شدید برہمی اور غم وغصہ کا اظہار کیا گیا۔اسے بی جے پی کی حمایت اور شریعت مخالف قرار دیاجارہاہے۔

واضح رہے کہ حج ۷۱۰۲ءکے لیے مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے۴۲ جولائی سے ۸۲ اگست کے وسط میں۴۵۴ پروازوں سے124,940حجاجِ کرام حج پر گیے تھے۔جب کہ تقریباً ۵۴ ہزار عازمین نے حج پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعے حج کی سعادت سے بہرہ ور ہوئے تھے۔حج۷۱۰۲ءسے سعودی عرب نے ہندوستان کا حج کوٹہ 1,70,025کردیا ہے۔حج ۷۱۰۲ءکے لیے ملک بھرکے ۱۲ امبارکیشن پوائنٹ دہلی،ممبئ،کوکلکتہ،لکھنو ¿،گوا،گوہاٹی،حیدرآباد،ناگپور،احمدآباد،کوچی،اورنگ آباد،سری نگر،منگلور،چنئی،وارانسی،گیا،جے پور اور اندور سے عازمین حج روانہ ہوئے تھے۔ اسی طرح ۷۱۰۲ءحج کی تجاویز میں کوئی ایسی غیر شرعی چیزیں شامل نہیں تھیں ،جو کہ۸۱۰۲ءسے لے کر۲۲۰۲ءتک کے لیے تیار کی گئی ہے۔

یہاں ہم حج کمیٹی کے مجوزہ نکات کا ایک ایک کرکے جائزہ لیں گے۔

(۱)سبسیڈی کی برخاستگی:

سبسیڈی آخر ہے کیا؟حج کا اس سے کیا تعلق ہے اور ختم کرنے سے حجاجِ کرام کا کیا نقصان ہوگا۔ان سب کے لیے ہم سب سے پہلے سبسیڈی کے بارے میں جانیں گے۔

سبسیڈی (Subsidy)حکومتِ ہند کی جانب سے حجاجِ کرام کو دی جانے والی ایک طرح کی مالی مدد ہے،جوفضائی کرایہ کی مراعات کی شکل میں دی جاتی ہے۔جو لوگ حج کمیٹی کے ذریعے سفرِ حج پر روانہ ہوتے ہیں ،وہی اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔اور جو لوگ خانگی ٹورآپریٹرس کے ذریعے جاتے ہیں وہ اس کے مستحق نہیں ہوتے ہیں۔چوںکہ حج کے لیے طیاروں کو کرایہ(چارٹرڈ) پر لیا جاتا ہے ،جس کی وجہ سے فضائی کرایہ عام دنوں کے کرایے سے زیادہ بڑھ کر وصول کیا جاتاہے۔حکومتِ ہند اس اضافی کرایے کے بار کو خود برداشت کرتی ہے اور اسے سبسیڈی کا نام دیتی ہے۔۴۵۹۱ءمیں وزیرِ اعظم جواہر لال نہرو کے دورِ اقتدار میں حج سبسیڈی کو شروع کیا گیا تھا۔تب سے لے کرتاحال یہ اسکیم شروع ہے۔حالاں کہ سبسیڈی کو لے کر اب تک سیاست خوب ہوتی رہی ہے اوراسے ہندومسلم فرقہ واریت کا رنگ بھی دینے کی نارواں کوششیں کی گئی ہیں۔۲۱۰۲ءمیں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ حج سبسیڈی کو۲۲۰۲ءتک مرحلہ وار ختم کر کرکے ان تمام رقوم کو اقلیتوں کی فلاح وبہبود اور تعلیم وترقی پر صرف کرے۔ غورطلب امریہ ہے کہ عدالتِ عظمیٰ نے نے حج سبسیڈی کوختم کرنے کی جو ہدایت جاری کی تھی وہ خلافِ دستورعمل یا شریعت مخالف نہیں ہے۔بل کہ اس کی بنیاد قرآنِ عظیم کی اس آیت کو بنایا گیا ہے ،جو حج کے سلسلے میں وارد ہے۔چناں چہ قرآن کریم میں ہے:اور اللہ کے لیے لوگوں پر اس کے گھر کا حج کرنا فرض ہے ،جوبھی اس تک پہنچنے کی استطاعت رکھتاہو۔(سورہ آلِ عمران ،آیت ۹۷)لہذا اس آیت کو دلیل بناکر سپریم کورٹ آف انڈیا نے کہا کہ اس لیے عازم حج کا سبسیڈی سے فائدہ اٹھا ناقرآنِ مقدس کی رو سے صحیح نہیں ہے۔

اس سلسلے میں بہت سے علماے کرام اور مسلم قائدین نے بھی عدالت کے اس اہم اور تاریخی مشورے کی حمایت وتائید کی ہیں ،کہ اسے مسلم بچوں اوربچیوں کی تعلیم وترقی اور قوم مسلم کی فلاح وبہبود کے لیے استعمال کیا جائے۔اس لیے کہ سبسیڈی کے نام پر ایئرلائنزکا زیادہ اور عازمینِ حج کا کم فائدہ ہورہاہے۔لہذا اسے مسلمانوں کی تعلیمی،معاشی،سماجی اوراقتصادی پس ماندگی کو دور کرنے کے لیے استعمال کیا جائے،تاکہ مسلم طبقے سے جہالت وپستی ،غربت وافلاس اورتعلیمی فقدان کو ختم کیا جاسکے۔

لہذا اگر دیکھا جائے تو حج ریویوکمیٹی کی یہ تجویز حجاج کرام کے لیے باعثِ نقصان یانفرت وتعصب پر مبنی نہیں ہے،بل کہ اس سے پوری قوم کا فائدہ ہے۔بل کہ ہمیں یہ بات سمجھنے کی ہے کہ حکومت اتنی خطیر رقم سے مسلمانوں کی سماجی بدحالی اور تعلیمی پس ماندگی کو دورکرنے کے بجاے ایئر لائنز (Air Lines)پر صرف کررہی ہے،جس سے ایئر لائنز کو بے انتہا فائدہ پہنچ رہاہے۔ اس سے حکومت کی نیت کا صاف پتہ چلتا ہے کہ خود حکومت نہیں چاہتی ہے کہ قومِ مسلم اس زوال وانحطاط سے باہر نکل سکے۔مسلمانوں کو اس مسئلے پر سنجیدگی سے غوروفکر کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ حکومت نے سبسیڈی کو ختم کرکے سفرِ حج کے اخراجات کو کم کرنے کی بھی بات کہی ہے ،جس سے اسے پہلو تہی نہیں کرنا چاہیے،بل کہ اسے روبہ عمل لانا اس کی اہم اوربنیادی ذمہ داری ہے۔

(۲)خاتون عازمین کو بغیر محرم کے سفرِ حج کی اجازت:

اس مجوزہ پالیسی میں ہمارے لیے جو سب سے زیادہ قابلِ اعتراض اور تشویش ناک بات ہے ،وہ خاتون عازمین کو لے کر ہے۔جس میں خاتون عازمین کو کم سے کم چار کے گروپ کی شکل میں محرم مرد کے بغیر سفر حج کی اجازت دی گئی ہے۔اس تجویز سے جہاںکئی ایک سوالات جنم لینا شروع ہوگیے ہیں وہیں دینی حلقوں میںشرعی امورومعاملات کو لے ایک طرح کی بے چینی بھی پیدا ہوگئی ہے۔آپ کو بتادیں کہ سعودی عرب کے مروّجہ قوانین کے مطابق کسی عورت کو مَحرم کے بغیر حج یا عمرہ کا ویزا ہی جاری نہیں کیا جاتاہے،تو اب سب سے بڑا سوال ذہن میں یہ گردش کررہاہے کہ کیا سعودی عرب اس مجوزہ حج پالیسی سے مطلع ہے اور اگر ہاں تو کیا وہ اس امر پر متفق ہے؟اگر متفق ہے تو پھر یہ غیر شرعی کام کیسا؟یہ ایسا سوال ہے جس نے سعودی عرب کو سوالات کے کٹگھرے میں لاکھڑا کردیا ہے۔اس پالیسی پر سعودی عرب کو جلد سے جلد صفائی دینے کی ضرورت ہے ،جو اسلامی اصول وقوانین کے منافی اور خود سعود ی حکومت کے قوانین کے خلاف بھی ورزی ہے۔یہ تو بات دو ممالک کے درمیان پالیسی کی تھی ،اب آئیے ”عورت کا بغیر محرم کے سفرِ حج کرنے کو “ قرآن واحادیث کی روشنی میں جانتے ہیں۔اس سلسلے میں بکثرت احادیثِ مبارکہ موجود ہیں،جن میں عورتوں کو بغیر محرم مرد کے سفرِ حج تو کیا کسی بھی سفر کی قطعی طور پر اجازت نہیں دی گئی ہے۔یہاںچند احادیث کریمہ کوشواہد کے طور پر پیش کیا جارہاہے،ملاحظہ فرمائیں:

(۱)حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺنے فرمایا:عورت کے لیے جائز نہیں کہ وہ تین دن سے زیادہ مسافت کا سفر تنہا طے کرے۔(طبرانی، المعجم الاوسط، 6 : 267، رقم : 6376)

(۲) حضرت ابو ا ±مامہ باہلی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریمﷺنے فرمایا:”مسلمان عورت کے لیے جائز نہیں کہ وہ اپنے خاوند یا کسی محرم کے بغیر حج کرے۔“ابن خزیم، الصحیح، 4 :134، رقم : 2522

(۳)حضورﷺنے فرمایا: (عورت صرف اپنے محرم کے ساتھ ہی سفر کرے، عورت کے پاس اجنبی شخص اسی وقت جائے جب اس کے ساتھ محرم ہو) تو ایک آدمی نے عرض کیا: ”یا رسول اللہ ﷺ! میں فلاں فلاں معرکے کے لیے جانا چاہتا ہوں اور دوسری جانب میری بیوی حج پر جانا چاہتی ہے،تو آپ ﷺنے فرمایا: تم اپنی بیوی کے ساتھ جاو ¿“۔بخاری: (1862) مسلم: (1339)

ان تمام احادیث کریمہ سے یہ امراظہرمن الشمس ہوگیا کہ شریعتِ اسلامیہ میں خواتین کا بغیر محرم کے سفرِ حج پر روانہ ہونا کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہے۔یہ قرآن واحادیث کے صریح خلاف ورزی اور خواتین کی عفت وعصمت کے تحفظ کے لیے بھی ایک شدید خطرہ ہے۔لہذا اس سے کمیٹی کو رجوع کرنا چاہیے اوردوبارہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ حرکت سے بازرہناچاہیے۔

کمیٹی کی اس تجویز پرپرنٹ میڈیا،پریس میڈیااورسوشل میڈیا پرایک طویل بحث کا سلسلہ شروع ہے۔سب ہی اسے خلافِ شریعت اور خواتین کی عزت وناموس کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔اس کے خلاف سبھی مسلمانوں کو باہم آکر پُرزورمظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔کیوں کہ شریعت اس بات کی اجازت نہیں دیتی ہے کہ کوئی عورت بغیر کسی محرم کے عزمِ سفر کرے۔اس پر حکومت سعودی کو بھی سخت نوٹس لینے کی ازحد ضرورت ہے۔یہ صرف شریعت کے تحفظ کا ہی مسئلہ نہیں ہے ،بل کہ شہرِ مکہ ومدینہ کے تقدس وحرمت کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر سعودی اس کا سب سے بڑا ذمہ دار ہوگا،جس نے ایک ملک سے اپنے تجارتی وسفارتی تعلقات اورسیاسی مفاہمت کی خاطر غیر شرعی اور غیر اخلاقی فیصلہ لیا۔

(۳)ہر حاجی کے لیے قربانی کا کوپن خریدنا لازمی:

ایامِ حج میں دسویں ذی الحجہ کو مقامِ منیٰ میں حجامِ کرام کوقربانی کرناہوتاہے ،جو حجاج اس کی استطاعت رکھتے ہیں ،ان پر یوم النحر یعنی دسویں ذی الحجہ کو قربانی کرنا واجب ہے،اور جو حجاج غیر مستطیع ہیں ،ان پر تین روزے حج کے ایام میں مکہ مکرمہ میں اور سات روزے اپنے وطن میں واپسی کے بعدرکھنا واجب ہے۔

 ریویوکمیٹی کی یہ کس درجہ زیادتی اورجہالت وحماقت ہے کہ حجاجِ کرام کو قربانی کا کوپن خریدنا لازمی قرار دے دیا،جو صریح طور پر قرآن واحادیث کے خلاف ورزی ہے۔چناں چہ قرآن کریم میں فرمایا گیا:”اور حج اور عمرہ اللہ کے لیے پورا کرو پھر اگر تم روکے جاو ¿ تو قربانی بھیجو جو میسرآئے اور اپنے سر نہ منڈاو ¿ جب تک قربانی اپنے ٹھکانے نہ پہنچ جائے ،پھر جو تم میں بیمار ہو یا اس کے سر میں کچھ تکلیف ہے تو بدلے دے روزے یا خیرات یا قربانی، پھر جب تم اطمینان سے ہو تو جو حج سے عمرہ ملانے کا فائدہ اٹھائے، اس پر قربانی ہے جسے میسر آئے پھر جسے مقدور نہ ہو تو تین روزے حج کے دنوں میں رکھے اور سات جب اپنے گھر پلٹ کر جاو ¿ یہ پورے دس ہوئے یہ حکم اس کے لیے ہے جو مکہ کا رہنے والا نہ ہو اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ اللہ کا عذاب سخت ہے“۔(سورہ بقرہ،آیت۱۹۶،ترجمہ: کنزالایمان)اسی طرحدیثِ مبارکہ میں بھی فرمایا گیا:

” ابن عباس رضی اللہ عنہ سے حج میں تمتع کے متعلق پوچھا گیا؛ آپ نے فرمایا کہ حجةالوداع کے موقع پر مہاجرین انصار نبی کریمﷺ کی ازواج اور ہم سب نے احرام باندھا تھا۔ جب ہم مکہ آئے تو رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ اپنے احرام کو حج اور عمرہ دونوں کے لیے کر لو لیکن جو لوگ قربانی کا جانور اپنے ساتھ لائے ہیں۔ ( وہ عمرہ کرنے کے بعد حلال نہیں ہوں گے ) چناں چہ ہم نے بیت اللہ کا طواف اور صفا و مروہ کی سعی کر لی تو اپنا احرام کھول ڈالا اور ہم اپنی بیویوں کے پاس گیے اور سلے ہوئے کپڑے پہنے۔ آپﷺنے فرمایا تھا کہ جس کے ساتھ قربانی کا جانور ہے وہ اس وقت تک حلال نہیں ہو سکتا جب تک ہدی اپنی جگہ نہ پہنچ لے ( یعنی قربانی نہ ہولے ) ہمیں ( جنہوں نے ہدی ساتھ نہیں لی تھی ) آپﷺنے آٹھویں تاریخ کی شام کو حکم دیا کہ ہم حج کا احرام باندھ لیں۔ پھر جب ہم مناسک حج سے فارغ ہو گیے تو ہم نے آکر بیت اللہ کا طواف اور صفا مروہ کی سعی کی ، پھر ہمارا حج پورا ہو گیا اور اب قربانی ہم پر لازم ہوئی۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ” جسے قربانی کا جانور میسر ہو ( تو وہ قربانی کرے ) اور اگر کسی کو قربانی کی طاقت نہ ہو تو تین روزے حج میں اور سات دن گھر واپس ہونے پر رکھے ( قربانی میں ) بکری بھی کافی ہے۔ تو لوگوں نے حج اور عمرہ دونوں عبادتیں ایک ہی سال میں ایک ساتھ ادا کیں۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے خود اپنی کتاب میں یہ حکم نازل کیا تھا اور رسول اللہﷺنے اس پر خود عمل کر کے تمام لوگوں کے لیے جائز قرار دیا تھا۔ البتہ مکہ کے باشندوں کا اس سے استثنا ہے۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ” یہ حکم ان لوگوں کے لیے ہے جن کے گھر والے مسجدالحرام کے پاس رہنے والے نہ ہوں “۔ اور حج کے جن مہینوں کا قرآن میں ذکر ہے: وہ شوال ، ذیقعدہ اور ذی الحجہ ہیں۔ ان مہینوں میں جو کوئی بھی تمتع کرے وہ یا قربانی دے یا اگر مقدور نہ ہو تو روزے رکھے۔(صحیح البخاری،حدیث ۱۵۷۲،حج کے مسائل کا بیان)

لہذا قرآن وحدیث کی رو سے معلوم ہوا کہ ایامِ حج میں مستطیع حجاج پر قربانی کرنا اور غیر مستطیع پر روزہ رکھنا واجب ہے۔

اب یہاں ریویو کمیٹی کی سفارش وتجویز کا جائزہ لیجیے ،جس میں یہ کہا گیا ہے کہ حجاجِ کرام کو قربانی کا کوپن خریدنا لازمی ہوگا۔ کمیٹی کی اس تجویز سے تو صاف صاف پتہ چل رہاہے کہ کمیٹی اور اس سے متعلق افراد قرآن واحادیث کے احکام وشرائع سے نا بلد اور ناواقف ہیں۔حالاں کہ قرآن واحادیث میں تو مستطیع اور غیر مستطیع حجاج کے لیے الگ الگ احکامات بیان کیے گیے ہیں۔لیکن اب کمیٹی کی اس سفارش سے غیر مستطیع حجاج کو بھی قربانی کا کوپن خریدنا پڑے گا،جو کہ ایک طرح کی زیادتی اور شریعت میں بے جا مداخلت ہے۔یہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ اب تومسلمانوں کے عائلی،خانگی اور شرعی مسئلوں کا تصفیہ وحل ایسے لوگ کررہے ہیں ،جنہیں شریعت کا علم ہونا تو بہت دورصحیح سے نماز پڑھنے کا بھی سلیقہ نہیں ہے۔اس میں کوئی دوراے نہیں کہ کمیٹی کی یہ تجویز قرآن وحدیث کے سراسر خلاف اورشریعت میں مداخلت ہے جونا قابلِ برداشت ہے۔

(۴)حج کے روانگی کے مراکز میں تخفیف:

یہ بھی جلد بازی اور مسلم دشمنی میں لیا گیا ایک تشویش ناک فیصلہ تھا،جس کا مقصد حجاجِ کرام کو طرح طرح کی پریشانیوں میں مبتلا کرناتھا۔کمیٹی نے اپنی مجوزہ پالیسی میںسفرِ حج کے لیے روانگی کے۱۲ مراکز کو گھٹاکر محض۹ مراکزبرقرار رکھی تھیں،جن میںباالترتیب دہلی،لکھنو ¿،کولکاتا،احمدآباد،ممبئی،چنئی،حیدرآباد،بنگلور اور کوچین شامل تھے ،تاہم اس کے خلاف ملک گیر سطح پر جب احتجاجات اور مظاہرے ہوئے تو وزیر براے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنی پڑی اور ایک اخباری بیان جاری کرنا پڑا۔

۴۱نومبر ۷۱۰۲ءکے روزنامہ صحافت ممبئی میںنقوی شائع بیان ملاحظہ فرمائیں:

”سعودی عرب بذریعہ طیارہ عازمینِ حج کی روانگی کے لیے کئی مقامات مختص کیے گیے ہیں،جس میں ان کا سفر کم خرچ کا ہوگا۔مرکزی وزیر براے قلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ عازمینِ حج اپنے اپنے شہروں سے بھی سعودی عرب کے لیے پرواز کرسکتے ہیں۔ہم کئی مقامات پر اس کی سہولت فراہم کریں گے۔لوگ اپنے شہر کا سعودی عرب روانگی کے لیے انتخاب کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ۱۲ بڑے شہروں سے عازمینِ حج سعودی عرب پرواز کرسکتے ہیں۔ہم کئی مقامات پر روانگی کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔لوگ سعودی عرب روانگی کے لیے اپنی پسند کے مقام کا انتخاب کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ ممبئی،دہلی اور کولکتہ کو دوسرے زمرے کے شہروں جیسے اورنگ آباد،اندوراورسری نگر پر خرچ کے اعتبار سے ترجیح دیتے تھے ،انہیں اب اپنے فیصلے پرنظرِ ثانی کرنی ہوگی۔نقوی نے کہا کہ عازمینِ حج کے لیے اس عمل کا آغاز ہوچکاہے۔لوگ اپنی درخواستیں شخصی طور پر فارم بھرکر یہ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعہ روانہ کرسکتے ہیں۔طریقہ ¿ کار گزشتہ سال کی بہ نسبت ایک ماہ پہلے شروع کیا جارہاہے،تاکہ عازمینِ حج کو سفر پرروانگی کے لیے تیاری کا زیادہ وقت مل سکے“۔

(بشکریہ روزنامہ صحافت ،ممبئی)

غور طلب بات یہ ہے کہ ایسا کرنے میںنہ حکومت کا خاطر خواہ کوئی فائدہ تھا اور نہ ہی حجاجِ کرام کے لیے اس میںکوئی راحتی اقدام مضمرتھا،بل کہ اس میں حجاج کے لیے تکلیف وپریشانی میں اور مزید اضافہ ہی سمجھ میں آرہاتھا۔جہاں باآسانی سفر میسر آتا تھا ،اب وہیں مصائب ومشکلات کا سامنا کرکے سفر کے مراحل کو طے کرنا پڑسکتاتھا۔ایک طرف کمیٹی کا یہ کہنا کہ حجاج کے لیے ہر ممکن طریقے سے راحت رسانی کے کام کیے جائیں گے۔اور دوسری طرف ان کی مشکلات میں اضافہ کیا جارہاہے۔سمجھ میں تو یہی آہاہے کہ حکومت راحت وسکون کے نام پر مشکلات میں اضافہ کررہی ہے۔

 (۵)ستر سال سے زائد عمر کے عازمین کی ریزروکیٹیگیری کی منسوخی:

کئی سالوں سے چلا آرہایہ سسٹم بھی اب تعصب ونفرت کی بھینٹ چڑھ گیا۔موجودہ حکومت باربار مسلمانوں کو یہ باور کرانا چاہتی ہے کہ وہ ان کے دینی،تعلیمی،سماجی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔لیکن صحیح معنیٰ میں ایسا نہیں ،بل کہ حقیقتِ حال اس سے بہت مختلف ہے۔واضح رہے کہ سابقہ مرکزی حکومت نے مسلمانوں کی سہولیت کے لیے ۰۷سال سے زائد عمر کے عازمین کومع ایک مددگار مختص کوٹہ میں رکھا تھا،اورمسلسل چارسال تک درخواستیں داخل کرنے والوں کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرنے کی سہولیت دی تھی۔لیکن موجودہ حکومت اس کیٹیکیگری کو کیوں ختم کرنا چاہتی ہے،یہ سمجھ سے بالا تر ہے۔

یقیناً یہ کمیٹی کی حددرجہ زیادتی اورضرررساں اقدام ہے کہ چار اور پانچ سال سے حج فارم بھرنے والوں کے لیے قرعہ اندازی سے مستثنیٰ رکھنے کی سہولت ختم کرکے ان کے حق کو سلب کیا گیا ہے۔پرائیویٹ ٹورآپریٹروں کے کوٹہ میں ۵ فیصد اضافہ کرکے غریب ومتوسط عازمینِ حج کے کوٹے کی آٹھ ہزار سیٹوںسے ان کی تجوری کو بھردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ چھوٹے فضائی مراکز کے کرایے میں بھی ۵۳ تا۰۴ ہزارروپیوں کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ایک طور پر دیکھا جائے تو حج کمیٹی کے ذریعے سفرِ حج پر روانہ ہونے والے حجاج کو کل خرچ 1,6000روپیے اٹھانا پڑتا ہے ،جب کہ پرائیویٹ ٹورسے کل خرچ تین سے چار لاکھ روپیے تک پہنچ جاتاہے،جو کہ حجاجِ کرام کے ساتھ صریح طورپرزیادتی ہے۔کمیٹی کوچاہیے کہ اپنے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرے اور کوئی لائحہ ¿ عمل تیارکرے،تاکہ کئی سالوں سے حج فارم بھرنے والوں کی جائز مرادیں اور نیک تمنائیں پوری ہوسکیںاور پہلے کی طرح قرعہ کے ذریعہ حجاجِ کرام کاانتخاب عمل میں آئے۔

مذکورہ بالا گفتگو کے تمام نکات سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر شریعت اسلامیہ ہی زد پہ کیوںہے ؟ ہندوستان تو کثیر المذاہب والاملک ہے۔اس کی زد میں اور بھی دیگر مذاہب آسکتے تھے لیکن شریعت اسلامیہ ہی کوکیوںنشانہ بنایا جارہاہے؟یہ ایک ایسا سوال ہے جو ذہن ودماغ کو جھنجھوڑے جارہاہے اور ذہن وعقل کو ورطہ ¿ حیرت میں ڈالے جارہا ہے۔اس کے بہت سے علل واسباب ہوسکتے ہیں ،ان سے قطعِ نظر کرتے ہوئے یہ صاف طورپر کہا جاسکتا ہے کہ آج جو شریعت اسلامیہ اور اس کے اصول واحکام کو مسخ کرنے اور دنیا کی نظر میں بدنام کرنے کی مذموم کوشش ہورہی ہے ،اس کی سب سے اہم اوربڑی وجہ یہ ہے کہ اسلام اپنی حقانیت ومعرفت اورتعلیمات وہدایات کی وجہ سے ایک بین الاقوامی مذہب بن چکاہے،ہر آئے دن اس کے دامنِ رحم وکرم میں بڑی تعدادمیں لوگ پناہ لے رہے ہیں۔کیوں کہ دنیا کے تمام مذاہب میں اسلام ہی واحد ایسامذہب ہے،جس میں انسانی ،سماجی اوراجتماعی زندگی کے لیے راہ نما اصول موجود ہیں۔اس کے اندرایک ایسی ایمانی کشش وجاذبیت اور مذہبی اعتدال ووسطیت کی راہ موجود ہے ،جس کے سبب لوگ اس کی طرف کھینچے چلے آرہے ہیں،یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن طاقتیں آج اِسلام کے خلاف متحداورباہم شیروشکر ہوکر اس کے اصول واحکام اورقوانین وضوابط کو حرفِ غلط کی طرح مٹادینا چاہتی ہیں۔خاص طورپر ہندوستان میں ہرآئے دن شریعتِ اسلامیہ کو ٹارگیٹ کیا جارہاہے۔شرعی احکام ومسائل پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔اسلام اوررسول اللہﷺکے خلاف زہر افشانی اور غلط بیان بازی کی جارہی ہے۔اور سب سے زیادہ جرا ¿ت مندانہ کام یہ ہورہاہے کہ ان سب کاموں کے لیے کلمہ گو افراد کو استعمال کیا جارہاہے ،جو حکومت سے امداد یافتہ ہیں،تاکہ اسلام وشریعت کے خلاف انہیں ہر ممکن طریقے سے مدد مل سکے۔ اس سے توصاف یہی پتہ چلتا ہے کہ کفر اسلام کے خلاف اپنے تمام حربے اور ہتھکنڈے استعمال کررہاہے۔نت نئی ترکیبیں اور صورتیں اپنارہاہے۔اس کی مستحکم جڑوں کو کمزوراور کھوکھلا کرنے کی حتی المقدور جسارت وسعی کررہاہے۔ان سب گھنونے اقدامات سے محض ایمان والوں کی غیرت وحمیت کو چیلینج کیا جارہاہے ۔انہیں جذباتی اور متشدد قوم بناکر اہلِ دنیا کے سامنے پیش کیا جارہاہے،جس کہ وہ پوری دنیا میں بغض وعناد،نفرت وتعصب اور تشددوعدمِ رواداری کا سرچشمہ قرار پائے۔

لہذااب ایسے حالات میں ہماری مومنانہ ذمہ داریاں کچھ اس طرح بڑھ جاتی ہیں کہ ہم اپناہرقدم سوچ سمجھ کر رکھیں۔دشمنوں کی فریب کاریوں اور ریشہ دوانیوں سے ہشیار رہیں۔علمی ومہذب اندازواسلوب ،متانت وسنجیدگی اوراستعدادوبیدارمغزی سے ان کا تعاقب کریں۔

اسی طرح ہمارے لیے سب سے اہم کام یہ ہے کہ ہم قرآن واحادیث کے سچے پکے عامل بنیں۔اپنی نسلوںکاقرآن واحادیث کی روشن تعلیمات سے رشتہ استوار کریں۔اپنے تمام شرعی،خانگی،عائلی،سماجی اور ازدواجی مسائل کو قرآن واحادیث کی روشنی میں حل کریں۔اپنے شرعی مسائل کے تصفیہ وحل کے لیے عدالتوں اورنیوز چینلوں کا چکر نہ کانٹیں۔غیر مسلموں تک اسلامی تعلیمات واحکامات کوشیریں اور حکمت بھرے انداز میں پہنچائیں۔قرآن واحادیث کے حوالے سے جوپیدا شدہ غلط فہمیاں ہیں،انہیں دور کرنے کی بھی پیہم کوشش کریں۔اس سے نہ صرف غلط فہمیاں دور ہوں گی بل کہ مثبت اثرات ونتائج بھی ظاہر ہوںگے اور مخالفینِ شریعت کے تمام حربے ، ہتھکنڈے اور پروپیگنڈے جوڑتوڑناکام ثابت ہوں گے۔اللہ تعالیٰ شریعتِ اسلامیہ کی حفاظت وصیانت فرمائے۔آمین  

 فون:9921934812  
Mohsinrazaziyai@gmail.com   

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں