15؍ سالہ محمد ارباز کا اب تک کوئی سراغ نہیں

نئی دہلی: (ملت ٹائمز )
قرول باغ سے غائب ہوئے ۱۵؍ سالہ محمد اباز کا اب تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ اس معاملے پر پولیس بھی کوئی مؤثر کارروائی نہیں کررہی ہے ۔لاپتہ لڑکا قرول باغ اپنے رشتہ دار کے ساتھ گھومنے گیا تھا اور واپس ہوتے وقت گم ہوگیا۔ بنیادی طور پر بہار کے سیتامڑھی گائوں مولانگر تھانہ بیلسنڈ کا رہنےوالا محمد ارباز ولد ثناء اللہ دہلی میں گھومنے آیا تھا، وہ اپنے رشتہ دار کے یہاں قیام پذیر تھا۔ ۱۹؍ اکتوبر کی شام وہ قرول باغ اپنے رشتہ دار کے ساتھ گھومنے گیاتھا، واپس ہوتے وقت وہ اچانک غائب ہوگیا ۔ محمد ارباز کو اس کے رشتہ دار اور اہل خانہ نے کافی تلاش کیا اور قرول باغ پولیس اسٹیشن میں رپورٹ بھی درج کرائی مگر پولیس آج تک اسے برآمد نہیں کرسکی ہے۔محمدارباز کی برآمدگی نہ ہونے کے سبب اہل خانہ کا رو روکر برا حال ہے اوررشتے داروں میں بھی غم کاماحول ہے۔ اہل خانہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محمد ارباز کو تلاش کرنے میں پولیس اور ہماری مدد کریں اور برآمدگی کی صورت میں تھانہ قرول باغ دہلی یا بہار، سیتامڑھی تھانہ بیلسنڈ کویا پھر متاثر ہ اہل خانہ کو اطلاع دیں۔