ایپل کا سستا ترین اسمارٹ فون اور’آئی پیڈ پرو‘متعارف
نئی دہلی ،22؍مارچ
ملت ٹائمز ؍ایجنسیاں
اسمارٹ فون بنانے والی مشہور امریکی کمپنی ایپل نے اپنا نیا 4 انچ کا آئی فون ایس ای متعارف کرا دیا ہے،امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کوپرچینو میں ہونے والے ایونٹ کے دوران کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرٹم کک نے اس نئے آئی فون کو متعارف کرایا جو کہ فائیو ایس کے بعد پہلی ڈیوائس ہے جس کی اسکرین کا سائز 4 انچ ہے۔
ٹم کک کے مطابق آئی فون ایس ای پراسیسنگ کارکردگی کے حوالے سے کافی حد تک آئی فون سکس ایس کے برابر ہے اور کارکردگی کے لحاظ سے فائیو ایس سے دوگنا بہتر ہے۔ایونٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ مارکیٹ میں دستیاب سب سے طاقتور 4 انچ اسمارٹ فون ہے۔ اس فون میں ٹچ آئی ڈی فنگرپرنٹ سنسر، ایپل پے ، این ایف سی ریڈیو اور بلیوٹوتھ 4.2 جیسے فیچرز ہیں۔
اسی طرح 12 میگا پکسلز کا آئی سائٹ کیمرہ اس کا حصہ ہے جس میں فوکس پکسلز، ٹرو ٹون فلیشن، نیو امیج سگنل پروسیسر اور 63 میگاپکسلز کی پینوراما تصویر لینے کی صلاحیت ہوگی، جبکہ لائیو فوٹوز اور فور کے ویڈیو بھی بنائی جا سکے گی۔اس فون میں زیادہ طاقتور اے نائن اور ایم نائن چپس موجود ہیں جو آئی فون سکس ایس کا بھی حصہ ہیں۔آرٹی فیشل اسسٹنٹ سری کو کسی بھی وقت استعمال کیا جاسکے گا جبکہ یہ تیز ترین ایل ٹی ای او وائی فائی کو بھی سپورٹ کرے گا۔نیا فون مارچ کے آخر تک چار رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا
اس کے علاوہ یہ ایپل کا سب سے سستا اسمارٹ فون بھی ہے جس کے 16 جی بی ماڈل کی قیمت 399 ڈالرز ہوگی (42 ہزار پاکستانی روپے کے قریب) جبکہ64 جی بی ماڈل 499 ڈالرز کا ہوگا اور اسے مارچ کے آخر تک چار رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔تاہم اس نئے آئی فون کا ایک بہترین فیچر فربٹ فیسنگ فلیش ہے جو سلیفی لینے کے لیے کام آئے گا اقور تصویر کا رزلٹ چونکا دینے والا ہوگا۔
آئی پیڈ پرو منی
اسی ایونٹ کے دوران 9.7 انچ کا ریٹینا ڈسپلے کا حامل نیا آئی پیڈ پرو بھی متعارف کرایا گیا جس کا وزن آدھا کلو سے بھی کم ہے۔12 میگاپکسلز کیمرے والے اس نئے آئی پیڈ کے ساتھ نیا اسمارٹ کی بورڈ اور ایپل پینسل بھی سامنے لائے گئے۔ اس ٹیبلیٹ میں ایپل کے نئے نائٹ شفٹ موڈ کی سپورٹ بھی شامل ہے۔اس ڈیوائس کے 32 جی بی اسٹوریج ماڈل کی قیمت 599 ڈالرز جبکہ 128 جی بی والا 749 ڈالرز کا ہوگا، اور ہاں پہلی بار ایپل کی جانب سے 256 جی بی اسٹوریج والی ڈیوائس بھی متعارف کرائی گئی ہے جو 899 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس آئی پیڈ میں ٹرو ٹیون ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جو ارگرد کے ماحول کی روشنی کے مطابق اسکرین کی برائٹنس کو ایڈجسٹ کرتی ہے۔اس آئی پیڈ کو بھی 31 مارچ کو فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا جبکہ پری آرڈرز 24 مارچ سے شروع ہوجائیں گے۔
ایونٹ کے دوران آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس نائن تھری کا بھی اعلان کیا گیا جو آج سے دستیاب ہوگا۔اس ایونٹ کے دوران ایپل نے اپنی اسمارٹ واچ کی قیمت بھی 349 ڈالرز سے کم کرکے 299 کرنے کا اعلان کیا۔