نئی دہلی: 26؍ دسمبر (ملت ٹائمز )
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے 24 دسمبر کو مجلس عاملہ کی ہنگامی میٹنگ میں لئے گئے فیصلے کے مطابق طلاق ثلاثہ بل پر وزیر اعظم نریندر مودی کے نام اپنا خط بھیج دیا ہے ۔
ملت ٹائمز کو ملی اطلاع کے مطابق یہ خط بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کی جانب سے بھیجا گیا ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے یہ گزارش کی گئی ہے کہ طلاق ثلاثہ پر مجوزہ بل آئین کے خلاف اور شریعت میں مداخلت پر مبنی ہے اس کے علاوہ یہ بل خواتین کے بھی خلاف ہے ۔خط میں یہ کہا گیا ہے حکومت موجودہ بل کو واپس لے اور بورڈ کے ساتھ مل کر طلاق ثلاثہ کو ختم کرنے کے سلسلے میں ایک جامع قانون بنائے ۔
مولانا رابع حسنی ندوی نے خط میں وضاحت کی ہے کہ بورڈ کا مشن بھی معاشرے سے تین طلاق کو ختم کرنا ہے اور حکومت بھی یہی چاہتی ہے اس لئے اچھا یہی ہوگا کہ حکومت اور بورڈ ایک ساتھ بیٹھ کر قانون بنائے۔ملت ٹائمز کے مطابق آج شام تک خط کی کاپی میڈیا کے حوالے کردی جائے گی ۔





