شام میں روس کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، دونوں پائلٹ ہلاک

ماسکو (ملت ٹائمز ایجنسیاں)
شام میں روس کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر فنی خرابی کی بنا پر گر کر تباہ ہوگیا ہے اور اس کے دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔
روسی وزارت دفاع نے اطلاع دی ہے کہ ایم آئی 24 ہیلی کاپٹر کو شام کے شمال مغربی شہر حماہ کے نزدیک حادثہ پیش آیا ، وہ حماہ کی طرف ہی محو پرواز تھا اور زمین سے اس کی جانب کوئی فائرنگ نہیں کی گئی ہے۔بیان میں مزید بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر حماہ ائیر بیس سے 15 کلومیٹر دور گر کر تباہ ہوا جبکہ اس کے دونوں پائلٹ بچ نکلنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے ہیں اور ایک ٹیکنیشن شدید زخمی ہوگیاہے،اس کو ہنگامی طور پر ایک اور ائیر بیس پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ایک تحقیقاتی بلاگ کنفلیکٹ انٹیلی ٹیم کی ایک پوسٹ کے مطابق روسی ہیلی کاپٹر بجلی کے تاروں پر گرا تھا۔اس وقت وہ گاڑیوں کے ایک قافلے کی فضا میں نگرانی کررہا تھا لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ یہ قافلہ روس کے کسی فوجی یونٹ پر مشتمل تھا یا انسانی امداد لے کر جارہا تھا۔ روس کی وزارتِ دفاع نے بھی حادثے سے متعلق مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔