ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ فائنل میں ویسٹ انڈیز کی تاریخی جیت ،انگلینڈ کی شکست

کولکاتا،4؍اپریل
ملت ٹائمز؍ایجنسیاں
ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میچ کے آخری اوور میں برانتھ ویٹ کے 4 گیندوں پر 4 چھکوں کے باعث ویسٹ انڈیز انگلینڈ کو شکست دے کر دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بن گیا،تفصیلات کے مطابق کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میچ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا سکی ۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ ہدف 2 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیاجبکہ برانتھ ویٹ 10 گیندوں پر 34 اور ماولن سیموئیل 66 گیندوں پر 85 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز بھی انتہائی مایوس کن رہا اور اوپر جونسن چارلس اور گرس گیل بالترتیب 1 اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے لینڈل سیمنز بھی فائنل میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔اس کے بعد ڈیوائن براوو اور سیموئیل نے 75 رنز کی شراکت داری قائم کی ،براوو 25 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔آندرے رسل اور کپتان ڈیرن سیمی بھی کچھ نہ کر سکے اور بالترتیب 1 اور 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 3 ،جوئے روٹ نے 2 جبکہ عادل رشید نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیر ن سیمی نیٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اوپنر جیسن رائے بغیر کو رن بنائے سیموئیل بدری کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ایلیکس ہیلز اور کپتان مورگن بھی بڑے میچ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اوربالترتیب ایک اور 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔اس کے بعد جوئے روٹ اور بٹلر نے 61 رنز کی جارحانہ شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا ،بٹلر 22 گیندوں پر3چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ جوئے روٹ نے 54 رنز بنائے ۔ دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ ولی نے 21 اور سٹروکس نے 13 رنز سکور کیے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے براوو اور برانتھ ویٹ نے 3،3 سیموئیل بدری نے 2 جبکہ آندرے رسل نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔

SHARE