دیوبند،9 فروری(سمیر چودھریملت ٹائم
عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی آج بنگلہ دیش کی دس روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، حال ہی میں تبلیغی جماعت کے مرکز حضرت نظام الدین (دہلی) کے سربراہ مولانا سعد کو بنگلہ دیش سے جبراً واپس لوٹا دیئے جانے کے بعد دارالعلوم دیوبند کے مہتمم کے اس دورے کو انتہائی خاص بتایا جا رہا ہے۔ ذرائع کی مانیں تو مہتمم مفتی نعمانی بنگلہ دیش حکومت اور افسران سے طلباءکو ٹورسٹ ویزا کے بجائے تعلیمی ویزا پر ہندوستان بھیجنے کے منصوبہ کے بارے میں بھی بات کریں گے۔حال ہی میں بنگلہ دےش میں ہوئے تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع میںحصہ لینے کے لئے تبلیغی جماعت مرکز حضرت نظام الدین کے ایک گروپ کے سربراہ مولانا سعد کاندھلوی بنگلہ دیش پہنچے تھے، جہاں پر ان کی زبردست مخالفت کرتے ہوئے کچھ لوگوں نے زبردستی مولانا سعد کو اس لیے واپس لوٹا دیا تھا کیونکہ ان کے متنازعہ بیانات سے دارالعلوم دیوبند ناراض ہے۔ مولانا سعد کو بنگلہ دیش سے واپس لوٹا دیئے جانے پر ان کے حامیوں نے کھل کر دارالعلوم کو اس کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا تھا، جس کے بعد سے تبلیغی جماعت اور دارالعلوم کے درمیان تلخیاں مزید بڑھ گئی تھیں۔ اسی لئے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم کا اچانک دس روزہ دورے پر جمعرات کو بنگلہ دیش جانا اسلامی دنیا میں چرچا کا موضوع بن گیا ہے،اتنا ہی نہیں دنیا بھر میں رہنے والے تبلیغی جماعت اور دارالعلوم سے وابستہ لوگوں کی نگاہ اس دورے پر ٹک گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مہتمم نعمانی کے بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں پروگرام ہوں گے۔بتایا جاتا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران تبلیغی جماعت سے مسلسل بڑھ رہے فاصلوں کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،مہتمم دارالعلوم کا بنگلہ دیشی دورہ بھی اسی کی ایک کڑی ہو سکتا ہے۔دیوبند مکتبہ فکر کے اہم و بنیادی مرکز دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کے بنگلہ دیشی دورے کو جہاں تبلیغی جماعت اور دارالعلوم کے درمیان بڑھتی ہوئی فاصلوں میں کمی لانے کی کوششوں سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے وہیں بتایا یہ بھی جارہاہے کہ دارالعلوم کے مہتمم بنگلہ دیش حکومت اور اعلی افسران سے ملاقات کر کے طلباءکو ٹورسٹ ویزا کے بجائے تعلیمی ویزا دے کر بھیجنے کے منصوبہ پر بھی بات کر ینگے۔
آج سے مسلم پرسنل لاءبورڈ کا اجلاس شروع !
آج سے حیدرآباد میں شروع ہونے والے مسلم پرسنل لاءبورڈ کے تین روزہ اجلاس میں شرکت کرنے کے بجائے دارالعلوم کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کے ذریعہ بنگلہ دیش کے سفر کو ترجیح دینا موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ بتا دیں کہ بورڈ کی میٹنگ میں ماڈل نکاح نامہ بھی پیش کیا جانا ہے جو خود دارالعلوم اور بورڈ سے منسلک علماءنے تیار کیا ہے، لیکن اس کے باوجود بورڈ کی میٹنگ سے عین قبل مہتمم کی بنگلہ دیش کے دورے کے پیچھے کوئی خاص وجہ مانی جا رہی ہے۔