ملی کونسل کی سلور جبلی تقاریب میں لئے گئے اہم فیصلے، اتحاد و اجتماعیت کو فروغ دینے پر خصوصی زور سیاسی شعوری کی بیداری اور ملت کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ملک بھر کے اراکین کونسل پُرعزم

بنگلور؍میسور : 25؍فروری (پریس ریلیز)
آل انڈیا ملی کونسل کی سلور جبلی تقاریب کے چوتھے دن مجلس عمومی کی تیسری نشست میں ملک گیر سطح پر سبھی ریاستوں کے نمائندگان و ذمہ دارن سے وہاں کی سیاسی ،سماجی ، ملی ، تعلیمی اور تنظیمی صورت حال کا جائزہ لیا گیا جس تناظر میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مرکز سے رابطہ کرکے تمام علاقوں میں فعالیت کے ساتھ ذمہ داران اپنے فرائض انجام دیں گے اور ہمہ وقت مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل نکالنے کیلئے خود کو وقف رکھیں گے ۔ بعض ریاستوں میں ” دستور بچاﺅ ملک بناﺅ “ کے عنوان پر ریاستی سطح کے کنونشن انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر ملت کے اندر اتحاد و اجتماعیت قائم رکھنے کیلئے میثاق اتحاد کو عملی جامہ پہنانے کی ممکنہ کوشش کرنے پر بھی تمام شرکاء نے اپنی رضامندی ظاہر کی اور بیک زبان ہوکر کہاکہ ملی کونسل کے اہم ترین مشن اتحاد امت کیلئے وہ ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے ۔رواں اجلاس میں آل انڈیا ملی کونسل کے آل انڈیا ملی پولٹیکل فورم کی باضابط تشکیل کیلئے 15 مارچ تک اراکین کو اپنی تجاویز بھیجنے کی ہدایت دی گئی تاکہ اسی کی روشنی میں پولٹیکل فورم کے سلسلے میں کوئی فیصلہ لیا جاسکے ۔اس بارے میں ہاﺅس سے خطاب کرتے ہوئے ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے بتایا کہ قاضی مجاہد الاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ نے ہی اس ونگ کی بنیاد رکھی تھی جو بعد میں ناگزیر حالات کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگیا ۔ مجلس عمومی نے آل انڈیا ملی یوتھ آرگنائزیشن کے خاکہ کو عملی شکل دینے کیلئے بھی تمام ریاستوں سے رائے طلب کی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی ملی کونسل کی یوتھ آرگنائزیشن کا کسی کنونش میں باضابطہ اعلان ہوجائے گا ۔اس کے علاوہ خواتین ونگ کے قیام کی سابقہ تجویز پر بھی کاروائی کرتے ہوئے اس کو حتمی شکل دینے کی بات سامنے آئی اور اس سلسلے میں جلد ہی ملی کونسل کی مجلس عاملہ کوئی فیصلہ کرے گی ۔
واضح رہے کہ آل انڈیا ملی کونسل کے 25سال مکمل ہونے پر ہندوستان کے تاریخی شہر میسور میں تمام ذمہ داران و اراکین چار روزہ جشن سیمیں منارہے ہیں جس کا یہ چوتھا دن تھا ۔اس تناظر میں آج کی مجلس عمومی میں ملی کونسل کے تین سرپرستان ، مرکزی و ریاستی شاخوں کے ذمہ داران کو مومینٹو اور شال پیش کیا گیا ۔علاوہ ازیں متعدد تقاریب بھی منعقد ہوئی جس میں تاجران و خواص کی نشست، ادبی تقریب و کل ہند مشاعرہ ،وکلاءکی نشست ، علماء و ائمہ کا اجتماع ، خواتین کیلئے علاحدہ اجلاس وغیرہ سر فہرست ہیں ۔
خیا ل رہے کہ مجلس عمومی کے اس اجلاس میں میسور اعلامیہ پر مشتمل تیار شدہ ڈرافٹ کو بھی ہاﺅس نے اتفاق ئے سے منظوری دی جسے 25 فروری کی رات میں ملی کونسل کے اجلاس عام بعنوان ” دستور بچاﺅ ۔ملک بناﺅ میں پڑھ کر سنایا جائے گا ۔