جمعیت اہل حدیث ہند کے دونوں گروپوں  میں صلح ، متحد ہوکر کام کرنے کے عزم کا اظہار

نئی دہلی : جمعیت اہل حدیث ہند کے دونوں گروپوں مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی مدنی کے زیر قیادت مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند اور مولانا صلاح الدین مقبول کی زیر قیادت جمعیت اہل حدیث ہند کے درمیان صلح ہوگئی ہے اور اب دونوں گروپوں نے متحد ہوکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے دونوں جمعیتوں کے درمیان صلح کی کوششیں کی جارہی تھیں اور گزشتہ روز ہوئی دونوں جمعیتوں کے درمیان ایک میٹنگ میں بالاخر اس پر مہر لگ گئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ دونوں جمعیتوں کو متحد کرنے کا سہرا مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے نائب ناظم شیخ شیر خان جمیل کے سر ہے ۔ وہ گزشتہ ایک عرصہ سے دونوں جمعیتوں کو متحد کرنے کیلئے مسلسل کوششیں کررہے تھے اور اب ان کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مولانا صلاح الدین مقبول اب اپنی جمعیت کو تحلیل کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی مدنی نے نیوز 18 اردو سے صلح کی تصدیق کردی ہے۔ طبیعت ناساز ہونے کی باعث نیوز 18 سے ٹیلی فون پر ہوئی مختصر بات چیت میں انہوں نے کہا کہ دعا کیجئے کہ اب ہم لوگ مل جل کر کام کریں ۔ ہمارا اصل مقصد جمعیت و جماعت اور ملک و ملت کیلئے کام کرنا ہونا چاہئے ۔ ہم ملک و ملت کی بہی خواہی کیلئے مل جل کر کام کریں گے ۔ ہمیں اللہ اخلاص کی توفیق عطا کرے ، ہم اس صلح کو ایک خوش آئند اقدام کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔
وہیں دوسری طرف نیوز 18 اردو نے اس سلسلہ میں جب جمعیت اہل حدیث ہند کے مولانا صلاح الدین مقبول سے ان کا رد عمل جاننے کیلئے انہیں ٹیلی فون کیا تو فون مسلسل بزی ہونے کی وجہ سے ان سے رابطہ نہیں ہوپایا ۔
فی الحال دونوں گروپوں کے درمیان ہوئی صلح کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس بابت جلد ہی اعلان کردیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ مولانا اصغر علی مدنی کے طریقہ کار سے ناراض ہوکر چند سال قبل مولانا صلاح الدین مقبول کی قیادت میں کچھ نامور اہل حدیث علما نے ایک الگ متوازی جمعیت قائم کرلی تھی اور پھردونوں اپنے اپنے طور پر کام کرنے لگے تھے ۔

(بشکریہ نیوز 18)