نئی دہلی : 17 اپریل (ملت ٹائمز / پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کے جنر ل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے حیدر آباد کی مکہ مسجد بلاسٹ میں انصاف نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ این آئی اے عدالت کا فیصلہ مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے مایوس کن ہے جو گیار ہ سال گزرنے کے بعد بھی انصاف سے محروم ہیں۔ہم یہ بارہا کہتے رہے ہیں کہ دہشت گردانہ مقدمات میں ملک کی تحقیقاتی ایجنسیاں اپنی ذمہ داریوں کے تئیں مخلص نہیں ہیں جس کی وجہ سے بیشتر مقدمات میں انصاف نہیں مل پارہا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری لڑائی بلاتفریق اس ملک کی مشترکہ لڑائی ہے ، اس کے لیے تحقیقاتی ایجنسیوں کے کام کاج میں شفافیت اور ایمانداری پیداکرنے کے ساتھ ان کو جوابدہ بنانا ضروری ہے ۔
مولانا مدنی نے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کی دوبارہ تحقیق کرائی جائے اور اس کی بھی انکوائری کرائی جائے کہ آخر اس کیس کے اصل نگراں نے چند یوم قبل اور اب فیصلے کے فوری بعد جج صاحب نے کن اسباب کے بنیاد پر استعفے دے دیا۔





