بنیادی تعلیم کے ساتھ تحریر و تقریر کی یہ مشق قابل ستائش : فیض القرآن کے سالانہ اجلاس میں طلبہ و طالبات سے شرکاء کا اظہارِ خیال

نئی دہلیِ: (ملت ٹائمز ) تعلیم انسان کی کامیابی کا راز ہے، اس پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ، قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جو تعلیمی ادارہ قائم کرکے بچوں کا مستقبل روشن کررہے ہیں، انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار گزشتہ شب مولانا مفتی عزیر الرحمن شیخ الحدیث مدرسہ مہندیان نے مدرسہ فیض القرآن نبی کریم میں طلبہ کی انجمن کے اختتامی پروگرا م سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے محنت سے پڑھنے کی تلقین کی ۔ مہمان خصوصی مفتی شمس تبریز قاسمی ایڈیٹر ملت ٹائمز نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ قوم کے عظیم سرمایہ ہیں ، بنیادی تعلیم کے حصول کے ساتھ تحریر و تقریر کی یہ مشق قابل ستائش ہے ، ابھی سے جب آپ بولنے اور لکھنے کی مشق کریں گے تو مستقبل میں آپ کیلئے بہت سارے مواقع پیدا ہوں گے اور آپ کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ مدرسہ واحد ایسی درس گاہ ہے جہاں کے فضلاء ہر میدان میں نمایاں مقام کے ساتھ رہتے ہیں اور ان کی صلاحیت کا نہ چاہتے ہوئے بھی اعتراف کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے مدرسہ کے مہتمم اور اساتذہ کو بہترین کارکردگی کیلئے مبارکباد بھی پیش کی ۔
مدرسہ فیض القرآن کے طلبہ کی انجمن اصلاح اللسان کا یہ سالانہ پروگرام تھا جس میں طلبہ و طالبات نے نعت ، تقریر ، مکالمہ کی شکل میں خوبصورت پروگرام پیش کیا ۔ اس موقع پر مدرسہ فیض القرآن کے استاذ مولانا ظفر صدیقی قاسمی ، اسٹار نیوز ٹوڈے کے چیف ایڈیٹر نوشاد عثمانی ، مولانا عبد السبحان قاسمی سمیت متعدد اہم شخصیت تھی ، اخیر میں مدرسہ کے مہتمم قاری محمد قمر عالم نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ، قبل ازیں تلاوت قرآن سے تقریب کا آغاز ہوا، ابھرتے ہوئے شاعر قاری محمد امجد حسان نے نعت خوانی کی اور مولانا غلام نبی قاسمی بحسن وخوبی نظامت کا فریضہ انجام دیا۔