میرا جسم میری مرضی کا کلچر تحریک پاکستان اور قائد اعظم کے وژن سے غداری ہے، ملک میں فحاشی برداشت نہیں کر سکتے کرپشن فری پاکستان صرف ایم ایم اے ہی بنا سکتی ہے لہٰذا ایم ایم اے اقتدار میں آکر سیاسی اور اخلاقی کرپشن کا خاتمہ کرے گی
(اسلام آباد) پاکستان کی متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علماءاسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ پاکستانٹج بین الاقوامی دباومیں ہے ، امریکاامن کے نام پر قوموں کی آزادی چھین کر انسانیت کا خون کررہا ہے اقوام متحدہ کو کشمیرفلسطین اور افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نظر نہیں آرہی، اقوام متحدہ کی چھتری تلے عراق میں اینٹ سے اینٹ بجادی گئی ہے پاکستان کی دینی قوتیں متحد ہیں، روشن خیالی ہر دور میں مسئلہ رہی ہے۔ ایم ایم اے کے نائب صدر اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس میں کسی مولوی کا نام نہیں ،ہم ایک ہوگئے ہیں اب اسلامی نظام کا نفاذ کوئی نہیں روک سکتا، کرپشن فری پاکستان صرف ایم ایم اے ہی بنا سکتی ہے، اقتدار میں آکر سیاسی و اخلاقی کرپشن ختم کردیں گے۔وہ مردان کے تاریخی ریلوے گراونڈ میں ایم ایم اے کی بحالی کے بعد منعقدہ پہلے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ جلسے سے ایم ایم اے کے مرکزی رہنما محمد اویس نورانی،وفاقی وزیر اکرم درانی،جے یوپی کے صوبائی صدر حاجی فیاض خان ، جےیو آئی کے مولانا جلیل جان، مولانا محمد قاسم ،مولانا امانت شاہ حقانی،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولاناڈاکٹر عطاءالرحمان سمیت دیگر بھی خطاب کیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے سیکولر قوتوں پر زلزلہ آگیاہے، 2018کے انتخابات میں مذہبی قوتیں کامیاب ہوں گی اور لوگ کتاب پر مہر لگاکر ثابت کریں گے کہ وہ دینی جماعتوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے دباو میں ہیں بندوق کا زمانہ گزرگیاہے اور طاقت عوام کے ووٹ میں ہے۔پاکستانی نظام پر مذہب بے زار قوتیں مسلط ہیں قوم کو ہم جنسی پرستی کی طرف لے جایاجارہاہے ہمیں اس ملک کو ان قوتوں سے ا?زاد کراناہے جب تک یہ قوتیں مسلط رہیں گی ہم حقیقی آزادی کی منزل تک نہیں پہنچ سکتے۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان لوگوں کو حکومت کرنا نہیں آتی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایم اے کے مرکزی نائب صدر و امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ پانامہ لیکس میں کسی مولوی کا نام نہیں کہ آج سارے دینی جماعتوں کی قیادت ایک مرکز پر جمع ہوگئی ہے ہم نے ابھی قدم نہیں اٹھائے کہ ان کے رنگ پیلے ہوگئے ہیں۔ لیکن اب ہم ایک ہوگئے ہیں تو اسلامی نظام کا نفاذ کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ میرا جسم میری مرضی کا کلچر تحریک پاکستان اور قائد اعظم کے وژن سے غداری ہے، ملک میں فحاشی برداشت نہیں کر سکتے کرپشن فری پاکستان صرف ایم ایم اے ہی بنا سکتی ہے لہٰذا ایم ایم اے اقتدار میں آکر سیاسی اور اخلاقی کرپشن کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 85 فیصد نوجوان اسلامی نظام چاہتی ہیں، ہماری سیاست امریکا کی نہیں مدینہ منورہ کی ہے اور ہم کسی صورت قانون ناموس رسالت سے چھیڑ چھاڑ کو قبول نہیں کریں گے۔(بشکریہ روزنامہ جنگ پاکستان)