ہریانہ وقف بورڈ کا مطالبہ بروقت اور اہم ، وزیر اعلی اس کو عملی جامہ پہنائیں : ملی کونسل

نئی دہلی: 9مئی (پریس ریلیز) نماز مسلمانوں کی اہم ترین عبادت ہے اور مسلمانوں کی اولین کوشش ہوتی ہے کہ مسجد میں ادا کی جائے ۔مسجد کی تعمیر کے حوالے سے بھی مسلمان فراخ دل ہیں لیکن جہاں مسجد بنانے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے یا مسجدوں پر قبضہ کرلیاجاتاہے وہاں مسلمان مجبور اکسی ایسے خالی مقام پر نماز پڑھنے کا اہتمام کرتے ہیںجس سے کسی کو پریشانی اور خلل نہ ہو ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہریانہ مین گروگرام کے ایک میدان میں نماز پڑھنے کا معاملہ زیر بحث ہے جس کے بارے میں وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے ایک متنازعہ بیان بھی دیا تھا تاہم اچھی بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی بات سے رجو ع کرلیاہے ۔لیکن اس سے بھی اچھی بات یہ ہوگی وہ ہریانہ وقف بورڈ کے مطالبہ کو عملی جامہ پہنادیں ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ ہریانہ وقف بورڈ نے 19 ایسی مساجد کی فہرست سونپی ہے جس پر ناجائز قبضہ ہے یا ویران پڑی ہوئی ہے ۔اگر وزیر اعلی ان مساجد کی باز آبادکاری میں مدد کرتے ہیں تو یہ بڑی مثال ہوگی اور انہیں یہ کریڈٹ جائے گا مساجد کے ناجائز قبضہ کو آزاد کرانے کا انہوں نے مثالی کام کیا ہے ۔ڈاکٹر عالم نے کہاکہ ہریانہ وقف بورڈ کا مطالبہ بہت اہم اور بروقت ہے ۔مسلمان کھلے میدان اپنے مسجدوں پر قبضہ ہونے کی وجہ سے نما ز پڑھنے پر مجبور ہیں ۔اگر مسجدیں آباد ہوجائے گی تو مسلمانوں کو بھی خوشی ہوگی اور کسی کو یہ بولنے کا بھی موقع نہیں ملے گا ۔