یروشلم میں امریکی سفارت خانہ کی منتقلی کا عمل جاری ،38 فلسطینی شہید،1700 زخمی

۔مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے ہمیشہ کی طرح بربریت اور ظلم کا مظاہرہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی ہے جس میں 38 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 1700 زخمی ہیں
یروشلم(ملت ٹائمز)
امریکہ کے اعلان کے مطابق آج سوموار کو اسرائیل کے تل ابیب میںواقع امریکی سفارت مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردیاگیاہے ۔الجزیرہ کی رپوٹ کے مطابق یروشلم کے جس خطے میں سفارت خانہ منتقل کیاجارہاہے وہاں ایک ہزار اسرائیلی فوجیوں نے محاصرہ کررکھاہے ۔شام کواسرائیلی وقت کے مطابق چار بجے شام کو وہاں افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں ویڈیوکانفرنس کے ذریعہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ خطاب کریں گے ۔
دوسری طرف فلسطینی بڑی تعداد میں امریکی سفارت خانہ کی منتقلی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ۔مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے ہمیشہ کی طرح بربریت اور ظلم کا مظاہرہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی ہے جس میں 38 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 1700 زخمی ہیں ۔زخمی ہونے والوں میں 84 کی عمر اٹھارہ سے کم ہے جبکہ 23 خواتین اور 8 صحافی بھی اس میں شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ دسمبر 2017 میں امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی سفارت خانہ کو یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیاتھا ۔اسرائیل کا دعوی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس ہماری آبائی اور حقیقی راجدھانی ہے ۔مسلم ممالک کی جانب سے اس کی شدید مخالفت کا سلسلہ جاری ہے ۔ترکی اس سلسلے میں سب سے آگے ہے وہاں کے صدر طیب اردگان نے آج صاف لفظوں میں کہاہے کہ امریکہ نے سفارت خانہ وہاں منتقل کرکے مشرق وسطی میں ثالثی کا حق کھودیاہے ۔