میرٹھ میں نماز تراویح کے دوران مسلمانوں پر شرپسندوں کا حملہ۔ علاقے میں کشیدگی

میرٹھ : (ایجنسی ) اطلاع کے مطابق یوپی کے مشہور شہر میرٹھ میں نماز تراویح پڑھ رہے مسلم نوجوانوں پر اچانک ہندو نوجوانوں نے حملہ کردیا اور مارپیٹ کرکے نماز پڑھنے کی جگہ سے بھگا دیا جس کے بعد پورے علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ مسلم فرقے کے لوگوں نے کہاکہ نماز پڑھتے وقت درجنوں ہندو نوجوانوں نے مولانا اور نمازیوں پر اچانک حملہ کردیا اور مارپیٹ شروع کردی اس واردات کی اطلاع شہر میں پھیلتے ہی لوگوں نے غصہ پنپنے لگا، لیکن پولس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور دونوں فرقوں کے افراد کو سمجھا بجھا کر امن وامان سے رہنے کی تلقین کی۔ لیکن علاقے میں کشیدگی کے مدنظر احتیاطی طور پر پولس کی کثیر تعداد تعینات ہے ۔ معاملہ نوچندی سیکٹر تھری پرانا مقبرہ کا ہے جہاں لوگ ہمیشہ سے نماز پڑھتے آرہے ہیں لیکن جب اس بار نماز پڑھنے کےلیے وہاں پہنچے تو ماحول خراب کرنے کی نیت سے اکثریتی طبقے کے کچھ شرپسند عناصر نے نمازیوں کے ساتھ شرمناک رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں خوب زدوکوب کیا۔ فی الحال پولس نے دونوں فریقوں کے اہم افراد کو بلاکر نماز پڑھنے یا نہ پڑھنے کے سوال پر گفت وشنید کرکے بیچ کا راستہ نکالنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ صلح ہوسکے اور مستقبل میں ٹکرائو کا ماحول پیدا نہ ہو۔ حملے کی اطلاع پر کئی تھانوں کی پولس کے ساتھ ایس پی سٹی شری پرکاش دیوید ، سی او سول لائن رام ارجن موقع پر پہنچے تو مقامی نوجوانوں نے انہیں گھیر لیا ، ان کا الزام تھا کہ یہاں کبھی نماز نہیں پڑھی گئی اچانک سے کچھ نوجوانوں نے یہاں نماز پڑھنا شروع کردیا ہے، پولس نے کسی طرح سے معاملے کو قابو میں کیا۔