وفاقی حکومت نے پاکستان کی ثقافت اور فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے عید الفطر اورعید الاضحیٰ کے موقع پر انڈین فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ پابندی مختصر ہوگی۔
اسلام آباد(ملت ٹائمز)
پاکستان کی وفاقی حکومت نے عید الفطر اورعید الاضحیٰ پر بھارتی فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان کی ثقافت اور فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے عید الفطر اورعید الاضحیٰ کے موقع پر انڈین فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ پابندی مختصر ہوگی۔
انڈین فلموں پر پابندی کا اطلاق عید الفطر پر کیا جائے گا جب کہ اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین فلموں پر پابندی کا اطلاق عید سے دو دن پہلے سے ہوگا جو دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے فلم ڈسٹری بیوٹرز کو بھی بھارتی فلمیں نہ خریدنے اور سینما گھروں میں نہ لگائے جانے کی ہدایت کردی ہے۔واضح رہے اس عید کے موقع پر بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی فلم ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم ’ریس تھری‘ ریلیز ہورہی ہے جو حکومتی فیصلے کے بعد پاکستان میں نہیں لگے گی۔