پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا آج اعلان ہوگیا ہے ۔پاک ذرائع ابلاع کے مطابق 25 جولائی کو یہ انتخابات ہوں گے۔ یہ واضح رہے کہ پاکستان میں صوبائی اور پارلیمانی انتخابات ایک ساتھ ہوتے ہیں ۔
اسلام آباد(ایجنسیاں)
پاکستان کی تاریخ میں قریب نصف عرصے تک اقتدار فوجی آمریتوں کے پاس رہا ہے جب کہ جمہوری ادوار کے مکمل ہونے کے مواقع نہایت کم رہے ہیں۔ پاکستان کے قیام سے اب تک کوئی ایک بھی منتخب وزیراعظم اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل نہیں کر پایا ہے، تاہم یہ دوسرا موقع ہے کہ ایک جمہوری انداز سے اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہو گا۔
پاکستانی صدر ممنون حسین نے آج سنیچر کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخ کا اعلان کیا۔ ان انتخابات میں ملک کے 105 ملین اہل ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پاکستان میں موجودہ حکومت جمعرات کے روز اپنی آئینی مدت مکمل کر رہی ہے تاہم فی الحال عبوری حکومت کے لیے کسی نگران وزیراعظم کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔ پاکستانی دستور کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد ایک عبوری حکومت کے زیرانتظام ہوگا۔
پاکستانی دستور کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو انتخابات کے لیے روڈمیپ اور عبوری وزیراعظم کے نام پر اتفاق کرنا ہے۔
گزشتہ برس جولائی میں وزیراعظم نواز شریف کو کرپشن کے الزامات کے تحت ملکی سپریم کورٹ نے نااہل قرار دے کر وزارت عظمیٰ سے محروم کر دیا تھا، تاہم ملکی اقتدار ان کی جماعت ہی کے ہاتھوں میں رہا اور انہیں کی جماعت سے شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا قلم دان سنبھال لیا۔