اکبر نہیں بلکہ مہارانا پرتاپ عظیم راجہ : آدتیہ ناتھ

لکھنو: چیف منسٹر یوپی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اکبر نہیں بلکہ مہارانا پرتاپ عظیم راجہ ہے۔ مہارانا پرتاپ جینتی تقریب سے کل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دے کر کہا کہ مغل شہنشاہ اکبر نہیں بلکہ مغل فوج کی طاقت کا سامنا کرنے میں مثالی ہمت کا مظاہرہ کرنے کے لیے مہارانا پرتاپ عظیم ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات اہم نہیں کہ کس نے ہلدی گھاٹی جنگ میں فتح حاصل کی ۔ اہم یہ ہے کہ کس نے اس وقت کی انتہائی طاقتور فوج کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہارانا پرتاپ نے ہمت اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا ، جس کی تاریخ میں بہت کم مثال ملتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اراولی پہاڑوں میں جنگ سالوں جاری رہی ، بالآخر تمام قلعوں کو دوبارہ فتح کرلیا گیا۔ یہ بات ثابت ہوگئی کہ اکبر نہیں بلکہ مہارانا پرتاپ عظیم ہے۔ تاریخ دانوں کا عام نظریہ ہے کہ مغل شہنشاہ اکبر کی فوج نے 1576ء میں ہلدی گھاٹی جنگ میں مہارانا پرتاپ کو شکست دی ۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ تاریخ کے اس مرحلہ میں وہ (مہارانا پرتاپ) اپنی بہادری اور جوانمردی کے ساتھ اپنے عزتِ نفس اور ملک کے وقار کو برقرار رکھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجپورت راجہ آج بھی قابل تقلید ہے۔ آدتیہ ناتھ نے اس موقع پر آر ایس ایس کے میگزین کے خصوصی شمارہ ’’اودھ پرہری‘‘ کی رسم ِ اجرا انجام دی۔