بی جے پی سے الائنس ختم کرکے دوبارہ عظیم اتحاد میں شامل ہونا چاہتے ہیں نتیش کمار۔ اس مرتبہ لالو کی شرطوں پر ہوگی واپسی

نئی دہلی۔ این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد سیاسی حیثیت کھو رہے بہار کے وزیراعلی اور جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار اب ایک مریبہ پھر عظیم اتحاد کی طرف لوٹنے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن مشکل یہ ہے کہ اس مرتبہ ان کی شرطوں پر واپسی نہیں ہوپارہی ہے بلکہ آر جے ڈی کی طرف سے شرطیں رکھی جارہی ہیں ۔
نتیش کمار چاہتے ہیں کہ پہلے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو حمایت کا ایک لیٹر گورنر کو سونپ دیں جبکہ لالو پرساد یادو کا کہنا ہے کہ جب تک طلاق نہیں ہوگی دوسرا نکاح کیسے ہوگا؟
حالانکہ کانگریس کی طرف سے تھوڑی نرمی برتی جارہی ہے اور 2019 کے پیش نظر عظیم اتحاد میں انہیں شامل کئے جانے کے اشارے دئے جارہے ہیں تاہم ابھی تک کانگریس اعلی کمان کی طرف سے کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔
اس پورے معاملہ میں سیاسی پالیسی میکنگ کے لئے مشہور پرشانت کشور اہم کردار اداکرہے ہیں ۔ علاوہ ازیں نتیش کمار نے اب دہلی میں 8 جولائی کو قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ طلب کی ہے اور اس کی اطلاع بھی میڈیا کو دے دی گئی ہے لیکن میٹنگ کا ایجنڈا کیا ہوگا اس کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس مجلس عاملہ میں نتیش کمار کوئی بڑا فیصلہ لے سکتے ہیں اور وہ فیصلہ این ڈی اے سے الگ ہونے کا بھی ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نتیش کمار اب بہت دیر تک بی جے پی کے ساتھ نہیں چل سکتے او ربی جے پی بھی انہیں 2019 میں بہت زیادہ اہمیت نہیں دینے جارہی ہے اس لیے رشتہ کا تو ٹوٹنا تقریبا طئے تصور کیا جارہا ہے ۔
گذشتہ دنوں نیتی آیوگ کی میٹنگ میں نتیش کمار نے ایک مرتبہ پھر کھل کر بہار کے لئے خصوصی ریاست کا درجہ مانگا ہے اور اپنی برہمی کا بھی اظہار کیا تھا۔
اس ساتھ ہی اب وہ مسلسل فرقہ ورایت اور فرقہ پرستوں کو نشانہ بنارہے ہیں اور بی جے پی اتحاد کو کوس رہے ہیں ۔
اس سے صاف ہورہا ہے کہ نتیش کمار کے پاس عظیم اتحاد کی طرف واپسی کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق جب لالو پرساد یادو ممبئی اسپتال میں زیر علاج تھے تو ان سے پرشانت کشور نے نتیش کمار کی طرف سے ملاقات کی تھی اور عظیم اتحاد کو دوبارہ بحال کرنے پر تبادلہ خیال کیاتھا۔
نتیش کمار کی طرف سے پرشانت کشور نے لالو پرساد کے سامنے تجویز رکھی کہ اگر آپ گورنر کو مکتوب دے دیں کہ آپ کی پارٹی جے ڈی یو کی حمایت کرتی تو نتیش کمار واپس آنے کو تیار ہیں۔
اس پر لالو پرساد یادو نے کہا تھا کہ اگر نتیش کمار عظیم اتحاد میں آنا چاہتے ہیں تو پہلے وہ بی جے پی سے اپنا رشتہ ختم کریں اور وزیر اعلی کے عہدے سے استعفیٰ دیں‘ اس کے بعد غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق لالو یادو نے کہاکہ طلاق ہوگی تبھی تو دوسرا نکاح ہوگا۔
اس میں یہ تجویز بھی رکھی گئی تھی کہ سب کچھ پہلے جیس ہوگا یعنی نتیش کمار وزیر اعلی رہیں گے او ر تیجسوی یادو نائب وزیراعلی ہوں گے اور جو لوگ پارٹی سے نکالے گئے ہیں ان کی واپسی ہوگی۔