کشمیر کے صحافی شجاعت بخاری کے قتل کے خلاف بہار ورکنگ جرنلسٹ یونین کا کینڈل مارچ

پٹنہ: (ملت ٹائمز) کشمیر کے صحافی شجاعت بخاری کے دہشت گردانہ حملے میں مارے جانے کے خلاف آج انڈین جرنلسٹ ایسوسی ایشن سے متعلق بہار ورکنگ جرنلسٹ یونین نے کینڈل مارچ نکالا۔ راجدھانی پٹنہ کے ریڈیو اسٹیشن کے نزدیک سے ڈاک بنگلہ چوراہے تک نکالے گئے کینڈل مارچ میں شامل بڑی تعداد میں صحافیوں، ماہر تعلیم اور دانشوران نے شجاعت بخاری کے قتل پر گہرے دکھ و تکلیف کا اظہار کیا ہے۔ اور کہا کہ اس طرح کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ اس طرح کے حادثات کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے سخت قدم اٹھایا جانا چاہیئے۔ 

یونین کے جنرل سکریٹری کمل کانت سہائے نے شری بخاری کے قتل کو جمہوریت کے چوتھے ستون پر دہشت گردوں کے ذریعہ سخت ترین حملہ بتایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شجاعت بخاری کافی ایمانداری اور محنت سے اپنی ذمہ داری نبھاکر سچائی کو لوگوں کے سامنے لارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن بحال کرنے کے انکی کوششوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رشتے کو معمول پر لانے کیلئے ٹریک ٹو ڈپلو میسی کے بھی وہ اہم ستون تھے اور انہوں نے اس شکل میں اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی تھی۔
وہیں یونین کی صدر نویدیتا جھا نے بھی شجاعت بخاری کے قتل کو ذاتی نقصان بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب بخاری نہ صرف اچھے صحافی تھے بلکہ وہ ایک اچھے انسان بھی تھے۔ انہوں نے جناب بخاری کے صحافتی زندگی سے متعلق کئی اہم لمحات کو بھی یاد کیا ۔ 
اس موقع پر انڈین جرنلسٹ یونین کے ممبر شیوندر نارائن سنگھ،روی اپادھیائے، محمد اقبال، روپیش کمار، انوارالہدیٰ، احتشام کٹونوی کے علاوہ کئی دانشوران اور ماہر تعلیم نے بھی شجاعت بخاری کے صحافتی میدان میں کئے گئے قابل تعریف اقدام کو بھی یادکیا گیا۔ساتھ ہی صحافیوں کی حفاظت کیلئے حکومت سے سخت قدم اٹھائے جانے کی مانگ کی جس سے کہ وہ بے خوف سے اپنی ذمہ داری کا نباہ کرسکے۔ 
———- Forwarded message ———-