گجراتی بھابھی جشودا بین کا پھر چھلکا درد ،کہا: میں نریندر مودی کی بیوی ہیں، انکار کی کوئی گنجائش نہیں

احمد آباد: وزیراعظم نریندر مودی کی بیوی جشودابین نے جو ان کے ساتھ نہیں رہتیں ‘ ایک سرکردہ گجراتی روزنامہ میں مدھیہ پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل کے اس بیان پر صدمہ ظاہر کیا ہے کہ نریندر مودی غیرشادی شدہ ہیں۔ جشودابین نے اپنے بھائی اشوک مودی کے موبائل فون سے لئے گئے ویڈیو شاٹ میں ایک بیان پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوئی کہ آنندی بین پٹیل نے پریس سے کہا کہ نریندر بھائی کی شادی مجھ سے نہیں ہوئی جبکہ نریندرمودی خود 2014 کے لوک سبھا الیکشن میں کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت لکھ چکے ہیں کہ وہ شادی شدہ ہیں اور انہوں نے بیوی کے طورپر میرا نام درج کیا۔ جشودابین نے مزید کہا کہ سابق چیف منسٹر گجرات جیسی تعلیم یافتہ خاتون (آنندی بین پٹیل) کے لئے مجھ جیسی ایک ٹیچر کے تعلق سے ایسا کہنا ٹھیک نہیں۔ ان کی اس حرکت سے وزیراعظم ہند کی امیج مسخ ہوئی ہے۔ مودی میرے لئے لائق احترام ہیں۔ وہ میرے رام ہیں۔ شمالی گجرات میں اپنے آبائی ٹاو ¿ن اوجھا سے آئی اے این ایس سے بات چیت کرتے ہوئے جشودابین کے بھائی اشوک مودی نے توثیق کی کہ ویڈیو میں بات کرنے والی خاتون جشودابین ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنندی بین کا بیان جب سوشیل میڈیا پر آیا تو ہم نے یقین نہیں کیا لیکن جب 19 جون کو سرکردہ اخباری دیویا بھاسکر کے صفحہ اول پر یہ شائع ہوا تو سمجھ میں آیا کہ یہ غلط نہیں ہوسکتا۔ اسی لئے ہم نے ریکارڈ کی تصحیح کی خاطر یہ بیان جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے تحریری بیان ریکارڈ کیا۔ جشودا بین نے ہمارے مکان میں سل فون پر یہ بیان پڑھا۔