وینزویلا، قزاقستان، مقدونیہ، گنی، صومالیہ، زیمبیا ، بوسنیا ہرزِ گوینا ، بلغاریہ، جارجیا، پاکستان ، یوکرائن سمیت کل 17 ممالک کے سربراہان مملکت کے علاوہ کئی ایک ممالک کے اسپیکر اسمبلی اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
انقرہ (ملت ٹائمز)
ترکی کے نئے صدارتی نظام میں سب سے پہلی فتح کا اعزاز حاصل کرنے والے ترک کے مقبول ترین رہنما اور عالم اسلام کے پسندیدہ لیڈر رجب طیب ایردوان کی تقریب حلف برداری میں سترہ ممالک کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ 9جولائی کو ان کی تقریب حلف برداری منعقد ہورہی ہے جس کے بعد ترکی کے نئے صدارتی نظام کے تحت وہ اپنا کام کرنا شروع کریں گے ۔
ٹی آر ٹی کی رپوٹ کے مطابق وینزویلا، قزاقستان، مقدونیہ، گنی، صومالیہ، زیمبیا ، بوسنیا ہرزِ گوینا ، بلغاریہ، جارجیا، پاکستان ، یوکرائن سمیت کل سترہ ممالک کے سربراہان مملک حلف برداری میں شرکت کریں گے اس کے علاوہ کئی ایک ممالک کے اسپیکر اسمبلی اور دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے ۔
واضح رہے کہ 24 جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں 53 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے صدر منتخب ہونے والے رجب طیب ایردوان 9 جولائی کو ملک کے صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے ۔صدر ایردوان حلف برداری کی تقریب کے بعد مہمان سربراہان کے اعزا میں عشائیہ بھی دیں گے۔
صدر رجب طیب ایردوان حلف اٹھانے کے بعد نئے نظام کے تحت سرکاری طور پر اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردیں گے