احمد علی برقیؔ اعظمی
رونمائی : بدستِ عالیجناب محمد حامد انصاری ، نایب صدر جمہوریہ ہند
بتاریخ : ۲۹ اپریل ۲۰۱۶
آنند نرائن ملا کی خدمات ہیں سب کے وردِ زباں
اپنی مشترکہ قدروں کی تھے ہند میں وہ عظمت کے نشاں
جو کام ہند میں ہونا تھا بحرین نے وہ انجام دیا
تدوین نبیلؔ و آصفؔ کی اربابِ بصیرت پر ہے عیاں
گنگا جمنی تہذیب کاہیں مُلا کی غزلیں آئینہ
ہے آج ضرورت وقت کی یہ ہو اس سے واقف نسلِ جواں
ہے آج حال جو اردو کا ارباب نظر پر ہے روشن
اب بھی نہ ہوا تو پھر آخر ،کب ہوگا ہمیں احساسِ زیاں
اردو کے محافظ تھے پہلے ہندو، مسلم ، سکھ، عیسائی
جمہوری قدروں کی مظہر ہے اگر کوئی تو یہی زباں
اردو ہے زبانِ دل برقی ؔ اور صنفِ غزل ہے جان اس کی
بے وجہہ نہیں ہیں شیدائی اس صنفِ سخن کے اہلِ جہاں