نئی دہلی ۔17جولائی (پریس ریلیز) ہجومی تشدد پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاہے کہ عدالت عظمی کا فیصلہ قابل ستائش ہے ،حکومت کو چاہیئے کہ اب وہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور مجرموں کے خلاف سخت کاروائی کرے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا گذشتہ چارسالوں میں ہجومی تشدد کے ان گنت واقعات پیش آئے ہیں جن میں80لوگوں کی موت ہوچکی ہے ،گﺅتحفظ کے نام پر مسلمانوں کو بڑی تعداد میں قتل کیاگیا ہے ،دلتوں پر بھی حملہ ہواہے ،گذشتہ دنوں نے بچہ چوری کے الزام میں ایک بھیڑ نے گوگل انجیئنر محمد اعظم کا قتل کردیا یہ واقعات انتہائی افسوسناک ، شرمناک اور حکومت کی ناکامی کا مظہر ہیں ۔سپریم کورٹ نے اس کے خلاف سخت فیصلہ دیکر ایک بہتر کام کیاہے ۔حکومت اب تک مجرموں کی پشت پناہی کرتی ہوئی آرہی تھی ،حال ہی میں بی جے پی کے ایک وزیر نے گﺅ رکشک مجرموں کو استقبالیہ دیاتھا،اس سے پہلے مرحوم اخلاق کے قاتل کے لاش کی آخری رسومات ترنگے میں ادا کی گئی تھی ۔افسوسناک پہلو یہ ہے آج ہی سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ سنایا ہے او ردوسری طرف جھارکھنڈ میں بی جے پی کارکنان کی طرف سے مذہبی رہنما سوامی اگنی ویش پر حملہ کا واقعہ سامنے آیاہے جو بیحد افسوسناک ہے ۔
ڈاکٹر محمد عالم نے کہاکہ یہ بات صاف ہے کہ ہجومی تشدد کو انجام دینے والے اور گﺅ رکشکوں کوشروع سے بی جے پی کی حمایت حاصل رہی ہے اور کبھی بھی بی جے پی نے تشدد کو روکنے کے سلسلے میں کوئی قدم نہیں اٹھایا اور نہ ہی ایسے انتہاءپسند عناصر کے خلاف کوئی کاروائی کی ۔انہوں نے سوامی اگنی ویش پر ہونے والے حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جھارکھنڈ کو پولس کو چایہئے کہ وہ ملزمان کو فوری گرفتار کرے۔انہوں نے یہ بھی کہا اب وزیر اعظم نرنیدر مودی کو چاہیئے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے مانسون سیشن میں ایک جامع بل لائیں اور ان تمام مجرموں کو عبرتناک سزا دیں جس سے ہندوستان کا سماجی تانا بانا بکھر چکاہے اور ملک میں لاءاینڈ آڈر کا مکمل فقدان نظر آرہاہے ۔






