اسلام آباد (ملت ٹائمز)
پاکستان عام انتخابات 2018 میں غیر متوقع نتائج سامنے آرہے ہیں ۔عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی برتری کے ساتھ متعدد اہم لیڈران قومی اسمبلی کی اپنی سیٹ بھی بچانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں جن میں اہم نام جمعیت علماءاسلام کے صدر مولانا فضل الرحمن ،جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سراج الحق ،پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ایک اور سابق وزیر اعظیم یوسف رضا گیلانی کے نام شامل ہیں ۔
پاکستان میڈیا کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 38 اور این اے 39 میں جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شکست سے دوچار کردیاہے ۔غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 38 ڈیرہ اسماعیل خان میں متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تحریک انصاف کے علی امین گنڈا پور نے شکست دے دی ہے۔علی امین گنڈا پور نے 80236 ووٹ لے کامیابی حاصل کی جبکہ مولانا فضل الرحمان 45457 ووٹ لے سکے اور بھاری تعداد سے ہارے۔جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 39 ڈیرہ اسماعیل خان سے بھی مولانا فضل الرحمان ہار گئے ہیں جہاں پی ٹی آئی کے یعقوب شیخ 79150 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ فضل الرحمان نے 51920 ووٹ لیے۔اس طرح مولانا فضل الرحمان دونوں حلقوں سے ہار گئے ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق بھی اپنے آبائی حلقے میں سے شکست سے دوچار ہیں جہاں تحریک انصاف کے امیدوار محمد بشیر خان نے 30ہزار 3 سو 74ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ سراج الحق 19ہزار 8 سو 70 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں ۔