کنیڈا کو اپنی غلطی کا احساس ،سعودی عرب سے سفارتی کشیدگی ختم کرنے کیلئے کوششیں تیز

ریاض(ایجنسیاں)
سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی کشیدگی کم کرنے کے لیے کینیڈا نے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کینیڈا کی حکومت نے ریاض کے ساتھ کشدگی ختم کرانے کے لیے اتحادی ملکوں جرمنی اور سویڈن سے بات چیت کی ہے۔کینیڈین حکومت کے ایک سرکردہ عہدیدار نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’اوٹاوا‘ سعودی عرب کے ساتھ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مختلف چینلز پر کام کررہا ہے۔
کینیڈا کی خاتون وزیرخارجہ کریسٹیا فریلانڈ نے یورپی ممالک کے وزراءخارجہ سے سعودی عرب کے ساتھ جاری کشیدگی پر بات چیت کرتے ہوئے دو طرفہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے معاونت کی درخواست کی ہے۔اس سے قبل کینیڈا کی حکومت کے ایک عہدیدار نے کہا تھا کہ اوٹاوا نے ریاض کے ساتھ اختلافات دور کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سے معاونت مانگی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری کے معاملے پر کینیڈا کی حکومت نے سعودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد سعودی عرب نے اپنے ہاں متعین کینیڈا کے سفیر کو نکال اور اپنے سفیر کو اوٹاوا سے واپس بلا لیا تھا۔

SHARE