امریکہ کے خلاف ترکی کا اقدام جاری ، مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی دوگنا

انقرہ(ایجنسی)
ترک حکام نے جوابی اقدام کرتے ہوئے امریکی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی دوگنا کر دی ہے۔ ان مصنوعات میں امریکی کاریں، تمباکو اور الکوحل وغیرہ شامل ہیں۔ترکی کے نائب صدر فواد اوقطائی نے ٹوئٹر پر شائع کیے گئے پیغام میں کہا، ”یہ جوابی اقدام ہے کیونکہ امریکا نے ا±ن کی ملکی اقتصادیات پر دانستہ حملہ کیا ہے۔“ گزشتہ جمعے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا،”ترکی سے امریکا لائے جانے والے اسٹیل پر بیس فیصد جبکہ ایلومنیم پر پچاس فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔“
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکی پادری اینڈریو برَنسن کی رہائی سے متعلق مطالبات مسترد کیے جانے کے بعد امریکا نے ترکی کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا تھا، جب کہ اس تناظر میں ترک کرنسی لیرا کی قدر میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔
منگل چودہ اگست کو یورو زون کی کرنسی ’یورو‘ کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئی تھی، جو گزشتہ تیرہ ماہ کے دوران امریکی ڈالر اور سوئٹزرلینڈ کی کرنسی فرانک کے مقابلے یورو کی کم ترین سطح ہے۔ منگل کو ترک کرنسی لیرا کی قدر میں تقریباً سات فیصد کی بہتری ہوئی ہے لیکن اس میں استحکام کے حوالے سے خدشات بدستور قائم ہیں۔ ماہرین کے مطابق ترک کرنسی لیرا کی گرتی ہوئی قدر اور ترک صدر کا شرح سود کم کرنے کا اعلان یورپی مالی منڈیوں کے لیے حوصلہ افزا نہیں ہے۔
دوسری جانب برلن میں ایک نیوزکانفرنس میں ترکی کی اقتصادی صورت حال کے تناظر میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے مرکزی بینک کی خود مختاری کو یقینی بنائے۔ چانسلر میرکل نے مزید کہا کہ ترکی کو غیرمستحکم کرنے میں کسی کی کوئی دلچسپی نہیں ہے اور جرمنی اقتصادی طور پر ترقی کرتا ہوا ترکی دیکھنا چاہتا ہے۔

SHARE