شاہ سلمان پہونچے منی ،انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حاجیوں کو ہر ممکن سہولیات پہونچانے کی کرائی یقین دہانی

ان کی آمد کا مقصد حجاج کرام کو یہ یقین دہانی کرانا ہے کہ سعودی حکومت انھیں ہر ممکن خدمات اور سہولتیں مہیا کررہی ہے
مکہ مکرمہ (ملت ٹائمز العربیہ اردو )
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سوموار کو مکہ مکرمہ کے نواح میں واقع منیٰ میں پہنچ گئے ہیں۔ان کی آمد کا مقصد حجاج کرام کو یہ یقین دہانی کرانا ہے کہ سعودی حکومت انھیں ہر ممکن خدمات اور سہولتیں مہیا کررہی ہے تا کہ وہ باسہولت تمام مناسکِ حج آرام ، سکون اور امن وسلامتی سے ادا کرسکیں۔
منی ٰ میں شاہی محل میں آمد پر شاہ سلمان کا ان کے خصوصی مشیر شہزادہ سعود بن عبدالمحسن بن عبدالعزیز ،وزارت برائے نیشنل گارڈ کے انڈر سیکریٹری شہزادہ خالد بن فیصل بن ترکی ،شاہی دیوان کے کنسلٹنٹ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز ، سعودی وزیر داخلہ اور اعلیٰ حج کمیٹی کے چئیرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز ، شاہی دیوان کے کنسلٹنٹ شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز اور دوسرے حکام نے خیرمقدم کیا۔
خادم الحرمین الشریفین کے ہمراہ ان کے مشیر شہزادہ ڈاکٹر عبدالعزیز بن سطام بن عبدالعزیز ،شہزادہ خالد بن فہد بن خالد ، شہزادہ فہد بن عبداللہ بن مساعد ، شہزادہ فیصل بن سعود بن محمد اور دوسرے اعلیٰ پروٹوکول حکام بھی منیٰ آئے ہیں۔

SHARE