پادری سے متعلق قوانین کی روشنی میں کاروائی کا بہانہ بنا کر ہمارے خلاف امریکہ نے جو عسکری اور اقتصادی پابندیا ں لگائی ہیں وہ ناقابل فہم ہیں
انقرہ(ایم این این ٹی آر ٹی )
ترکی کے صدر صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ روس سے ہمیں جلد ہی ایس 400 دفاعی نظام مل جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ضلع بال کثیر میں فارغ التحصیل فوجی افسران کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہی۔انہوں نے مزید کہاکہ جن ممالک نے انسداد دہشتگردی کےلیے ہماری دفاعی مدد کے بجائے دہشت گردوں تک اپنا اسلحہ پہنچایا آج وہ ہمیں سبق سکھا رہے ہیںلیکن میں یہ بتادوں کہ ہمیں دفاع وطن کےلئے متبادل ذرائع تلاش کرنے کا مکمل حق حاصل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایس 400 دفاعی نظام کا معاہدہ روس کے ساتھ طے ہے جو کہ جلد ہی یہ نظام ہمارے حوالے کر دے گا۔
امریکی پابندیوں کے بارے میں صدر کا کہنا تھا کہ ہم پر دنیا کے دروازے یک طرفہ طور پر بند کرنا ایک غیر اخلاقی حرکت ہے ،امریکہ اپنے گریبان میں جھانکے کہ اس نے دنیا میں کیا گل کھلا رکھے ہیں ،ترکی نے کبھی بھی دو طرفہ تعلقات میں کسی غفلت اور ریا کاری کا سہارا نہیں لیا ۔
امریکی پادری انڈریو برونسن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پادری سے متعلق قوانین کی روشنی میں کاروائی کا بہانہ بنا کر ہمارے خلاف امریکہ نے جو عسکری اور اقتصادی پابندیا ں لگائی ہیں وہ ناقابل فہم ہیں۔