آسام کے 40 لاکھ شہریوں کے نام این آر سی شامل کرنے کے مطالبے کو لیکر جئے پور میں ایس ڈی پی آئی کا احتجاجی مظاہرہ 

جئے پور : ( ملت ٹائمز ) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا راجستھان شاخہ کی جانب سے آسام کے 40لاکھ شہریوں کے نام این آر سی (NRC) فہرست میں شامل کرنے کے مطالبے کو لیکر جئے پور شہر کے ایم ڈی روڈ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کے بعدریاستی گورنر کے توسط سے عزت مآب صدر ہند کے نام ایک میمورینڈم دیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد منعقد عوامی اجلاس میں ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر محمد رضوان خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے سیاسی مفاد کے خاطر آسام کے 40لاکھ افراد کو شہریت سے محروم کیا ہے۔ان 40لاکھ افراد میں مسلمان سمیت قبائلی اور ہندو بھی شامل ہیں۔جبکہ موجودہ بی جے پی حکومت اس مسئلہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیکر دیگر ریاستوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ایس ڈی پی آئی کی قومی سکریٹری محترمہ یاسمین فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ این آر سی کا عمل نہایت ہی ناقص ہے اور حکام نے ریاستی حکومت کی امتیازی سلوک والی پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے این آر سی فہرست تیار کیا ہے۔جس کی مثال یہ ہے کہ این آر سی فہرست میں جہاں ایک باپ کا نام رجسٹر میں شامل کیا گیا وہیں ان کے بیٹے کا نام فہرست میں شامل نہیں ہے۔یہاں تک کہ سرکاری نوکریاں کرنے والے ملازمین،ریٹائرڈ فوجی افسران اور اہم سیاسی لیڈارن کے خاندان کے اراکین اور ان کے وارثین کے نام رجسٹر سے حذف کئے گئے ہیں۔ ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی صدر محترمہ مہرالنساء خان نے کہا کہ آسام این آ ر سی کا مسئلہ کسی ایک مذہب یا فرقے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ برسوں سے آسام میں رہتے آرہے بھارتی شہریوں کو اس فہرست سے باہر کیا گیا ہے جو ان کے ساتھ سراسر ناانصافی اور ظلم ہے۔ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری اشفاق احمد نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی نے میمورینڈم کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ 30جولائی 2018کو جاری کردہ این آر سی فہرست میں جن کے نام شامل نہیں کئے گئے ہیں ان کے نام فہرست میں شامل کرنے کی آخری تاریخ 30دسمبر 2018سے قبل سماجی تنظیموں اور رضاکار وں کی مددسے شہریت سے محروم نا خواندہ اور غریب عوام کے نام این آر سی میں شامل کرنے کے فوری اقدامات کرے۔اس احتجاجی مظاہرے میں دلت مسلم ایکتا منچ کے ریاستی صدرعبداللطیف،ملی کونسل راجستھان کے سکریٹری شوکت قریشی نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کی صدارت راجستھان مسلم فورم کے کنوینر قاری معین الدین نے کی۔ نظامت کے فرائض ریاستی سکریٹری ڈاکٹر شہاب الدین نے انجام دیا۔ پروگرام کے اختتام میں ضلعی صد ر خالد محمود نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔