بحرین نے خلیجی ممالک اور مصر پرمشتمل عرب نیٹوافواج کی تشکیل کااعلان کیا

عرب نیٹو کے قیام کی تجویز میں سب سے بڑی رکاوٹ قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے درمیان ناخوشگوار تعلقات ہیں
منامہ(ایم این این )
بحرین نے کہا ہے کہ آئندہ برس 6 خلیجی ممالک اور مصر پر مشتمل عرب نیٹو تشکیل دے دی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد الخلیفہ نے کہا ہے کہ 6 خلیجی ممالک نے خطے کے تحفظ کے لیے عرب نیٹو بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے جسے آئندہ برس تک تشکیل دے دیا جائے گا۔ عرب نیٹو میں خلیجی ممالک بحرین، کویت،عمان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمن شامل ہوں گے۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ عرب نیٹو میں مصر کی شمولیت بھی متوقع ہے اس طرح یہ سات ممالک پر مشتمل ایک سیکیورٹی فورس ہوگی۔ عرب نیٹو کے قیام کا فیصلہ مشرق وسطیٰ سے متعلق حکمت عملی وضع کرنے والےاتحاد MESA کی تجویز پر کیا گیا۔
عرب نیٹو کے قیام کی تجویز میں سب سے بڑی رکاوٹ قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے درمیان ناخوشگوار تعلقات ہیں۔ علاوہ ازیں یمن میں جاری خلفشار کے باعث بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔ گزشتہ برس خلیجی ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کر کے سفارتی تعلقات ختم کردیئے تھے۔
واضح رہے کہ مڈل ایسٹ اسٹرِٹیجک الائنس MESA کا قیام خطے میں ایران کے اثرو رسوخ کو کم کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔ اس الائنس کو امریکا کی حمایت حاصل رہی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس جولائی میں اس الائنس کو عرب نیٹو کا نام دیا تھا۔

SHARE