امریکہ میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پاکستان کی سینیٹ میں قرداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے
اسلام آباد(ملت ٹائمز)
امریکہ میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پاکستان کی سینیٹ میں قرداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے ۔پاکستانی اخبار ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں جے یوآئی (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے قرداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظورکرلیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی جلدازجلد رہائی کے لئے امریکی حکومت سے بات کی جائے۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قرارداد وزارت خارجہ کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ اس قرارداد پرعملدرآمد کے لیے اقدامات اٹھائے۔
واضح رہے کہ ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاکستانی قونصل خانہ ہیوسٹن میں گزشتہ تین ماہ میں بارہ مرتبہ ڈاکٹرعافیہ سے ملاقات کرچکا ہے۔