خلیجی ممالک کے اہم اجلاس میں امیر قطر کو شاہ سلمان نے شرکت کی دعوت دی

قطر نے دو روز قبل ہی پٹرول برآمد کرنے والی تنظیم ’اوپیک‘ سے اپنی 60 سالہ رفاقت کو ختم کر کے رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا
ریاض(ملت ٹائمز)
سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے قطر کے امیر کو خلیجی ممالک کی تنظیم کے اہم اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیجی ممالک کی تنظیم GCC کے 9 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے قطر کے امیر کو دعوت نامہ بھیجا ہے، تاہم قطر نے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
قطر نے دو روز قبل ہی پٹرول برآمد کرنے والی تنظیم ’اوپیک‘ سے اپنی 60 سالہ رفاقت کو ختم کر کے رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، سعودی عرب کی جانب سے جی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قطر کو مدعو کرنے کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت 7 عرب ممالک نے گزشتہ برس دہشت گردی میں معاونت کے الزام میں قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرکے معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں۔ اس فیصلے کے بعد سے یہ پہلا موقع ہوگا جب قطر اور خلیجی عرب ممالک کی ملاقات ممکن ہوسکے گی۔

SHARE