دس سالہ طالبہ کی عصمت دری اور زندہ جلا دیا جانا شرمناک ۔ ملی کونسل 




نئی دہلی: (ملت ٹائمز) آگرہ میں ایک دس سالہ بچی سنجلی کی ہوئی عصمت دری اور بہیمانہ قتل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ یہ انتظامیہ اور حکومت کی واضح ناکامی ہے اور ایسی حکومت کیلئے اپنا جائزہ لینا ضروری ہے جس کے دور میں دلتوں، کمزوروں، مزدوروں ،کسانوں، اقلیتوں اور عوام کی جان مال اور عصمت محفوظ نہیں ہے۔ ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ آگرہ میں ایک دس سالہ بچی کے ساتھ پہلے عصمت دری ہوئی ،پھر پٹرول ڈال کر جلادیاگیا جس سے بچے کی موت ہوگئی ،صدمے میں لڑکی کے بھائی کی بھی موت ہوگئی لیکن اب تک مجرموں کا سراغ نہیں لگ سکاہے اور نہ ہی حکومت کی طرف ایسا کچھ دکھ رہاہے جس سے پتہ چلے کہ و ہ ایسے جرائم پر قابو پانا چاہتی ہے اور و اقعی وہ مجرموں کے خلاف کاروائی کرنے کے موڈ میں ہے ۔
ڈاکٹرمحمد منظور عالم نے کہاکہ گذشتہ پانچ سالوں میں بی جے پی اقتدار والی ریاست میں کرائم اور جرائم کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہواہے اور اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ حکومت ایسے افراد کے خلاف کاروئی نہیں کرتی ہے ،مجرموں کو گرفتارنہیں کرتی ہے اور نہ سزا دی جاتی ہے جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں ۔ ڈاکٹر عالم نے کہاکہ عدم کاروائی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان واقعات میں ملوث بیشتر کا تعلق بی جے پی، آر ایس ایس اور دیگر انتہاء پسند تنظیموں سے ہوتاہے اس لئے حکومت انہیں بچانے کی کوشش کرتی ہے اور ہر جگہ جرائم میں یہی لوگ ملوث ہوتے ہیں ۔خواہ بلند شہر میں پولس افسرکے قتل کا معاملہ ہو ۔ اناؤ میں ایک لڑکی کی ہوئی عصمت در ی کا معاملہ ہو۔ کشمیر کی آصفہ کا معاملہ ہو ایسے بیشتر واقعات ہیں جہاں بی جے پی ممبران اورمتعلقین ملوث تھے اور ان سب جگہوں پر بی جے پی حکومت نے مجرموں کا بھر پور دفاع کیا ۔ انہیں بچانے کی کوشش کی ۔ایک بات یہ بھی اہم ہے کہ بی جے پی ا ور دیگر اس طرح کی تنظیموںمیں نفرت ، انتہاء پسندی اور تشدد کی ہی تربیت دی جاتی ہے ۔انہیں یہی سب سکھایا جاتا ہے اس لئے اس کے علاوہ ان سے توقع بھی نہیں کی جاسکتی اور اس طرح کے شرمناک واقعات کرائم اور جرائم میں ہمیشہ یہ لوگ ملوث پائے جاتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ ملک کی جمہوریت کو مضبوط کرنے اور جرائم سے پاک کرنے کیلئے عوام کو بیدار ہونا ہوگا ، انہیں سوچنا ہوگا اور اپنا ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہوگا ۔کیوں کہ لاء اینڈ آڈر،امن و سلامتی اور عوام کے جان ، مال اور عصمت کی حفاظت سب سے اہم ہے ۔ جو حکومت ان چیزوں میں ناکام رہ جاتی ہے وہ اس لائق نہیں ہے کہ اس پر دوبارہ بھروسہ کیا جائے ،اعتما د کیا جائے اور ووٹ دیکر اقتدار سونپا جائے ۔ملک کی عوام ذی شعور ہے امید ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرے گی۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *