مولانا اسرارالحق قاسمی سمیت ہندوستان کی کئی اہم علمی شخصیات کی وفات پر ریاض میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد

نشست میں مولانا علی احمد صاحب قاسمی مقیم القصیم ،سعودی عرب اورمولانا حسیب الرحمن قاسمی سابق شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیاگیا
ریاض(ملت ٹائمزایم این این )
معروف عالم دین اور کشن گنج سے ایم پی مولانا اسرارالحق قاسمی کی وفات پر گذشتہ دنوں سعودی عرب کی راجدھانی ریاض کے ریڈ چلی ریسٹورنٹ میں ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی جس میں دارالعلوم دیوبند کے فضلاءسمیت وہاں مقیم متعدد شخصیات نے شرکت کی ۔اس تعزیتی نشست میں مولانا علی احمد صاحب قاسمی مقیم القصیم ،سعودی عرب اورمولانا حسیب الرحمن قاسمی سابق شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیاگیا ہے ۔
نشست کا آغازمولانا عتیق حسن قاسمی کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نہال انور قاسمی نے حضرت مولانا حسیب الرحمن صاحب قاسمی کا مختصر سوانحی خاکہ سامعین کے سامنے پیش کیا اور لوگوں کو بتایا کہ آپ کا تعلق سر زمین بہار کے ضلع کشن گنج سے تھا ، آپ وقت کے ایک عظیم محدث اور جید عالم دین تھے۔ آپ نے تقریبا نصف صدی تک علم حدیث کی خدمات انجام دیں۔ ملک و بیرون ملک آپ کے ہزاروں شاگرد علم دین کی خدمت میں مشغول ہیں۔ آپ کے شاگردوں میںمولانا رضوان احمد قاسمی، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اورمولانا مفتی تجمل حسین قاسمی وغیرہم کے نام قابل ذکر ہیں۔ اس کے بعد مولانا جمال احمدقاسمی نے انتہائی درد بھرے انداز میں اپنے برادر خورد مولانا علی احمد صاحب کے حادثہ فاجعہ کی تفصیل لوگوں کے سامنے پیش کی کہ موصوف مرحوم کار کے ذریعہ کہیں جا رہے تھے ، منزل مقصود تک پہنچنے میں صرف نصف کلو میٹر کی دوری باقی رہ گئی تھی اچانک گاڑی کا ٹائر پھٹ جاتا ہے اور گاڑی کنٹرول سے باہر ہو کر پلٹ جاتی ہے ، آپ کے دماغ میں شدید جوٹ آ جانے کی وجہ سے فورا آپ کو ہاسپیٹل پہنچایا جاتا ہے لیکن مشیت ایزدی کچھ اور ہی تھی چنانچہ زخم کی تاب نہ لا کر بتاریخ 15 دسمبر 2018ئ آپ نے جان جاں آفریں کے حوالے کر دی۔
اس موقع پر سعودی عرب میں فضلا ءدارالعلوم دیوبند کی تنظیم بزم قاسمی کے سربراہ مولانا انعام الحق قاسمی نے مولانا اسرارالحق قاسمی کا مفصل سوانحی خاکہ سامعین کے سامنے پیش فرماتے ہوئے بتایاکہ مولانا کی زندگی کے مختلف پہلو¿وں پرمختلف انداز میں روشنی ڈالی اور لوگوں کو بتایا کہ مولانا کے لئے بہترین خراج تحسین یہی ہے کہ ہم لوگ مولانا مرحوم کے نامکمل مشن کو آگے بڑھانے کا عزم مصمم کر لیں۔
جلسہ کی صدارت بزم قاسمی کے سرپرست مولانا عبد الباری صاحب قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض تنظیم کے صدر محفوظ احمد قاسمی نے انجام دئے۔ شرکاءمیںمولانا محمد ہارون قاسمی۔ مولانا احتشام الحق قاسمی، مولانا قاری شمشاد احمد قاسمی، مولانا محمد ہاشم قاسمی،مولانا محمد ارشد خان قاسمی، مولانا اشرف علی قاسمی، مولانا معاذ احمد قاسمی اور مولانا شان ا لہی قاسمی کے نام بطور خاص قابل ذکر ہیں۔

SHARE