غربت کی بنیاد پر سماج کے تمام طبقہ کو دیا جائے ریزرویشن ۔صرف ایک مخصوص گروہ کیلئے آئین میں تبدیلی کیوں: ڈاکٹر محمد منظورعالم




نئی دہلی: (ملت ٹائمز) تعلیمی، اقتصادی اور سماجی پسماندگی دور کرنے کیلئے ریزرویشن ایک اہم ذریعہ ہے ۔ ہندوستان میں شروع سے کچھ پسماندہ طبقات کو ریہ ریزرویشن بھی حاصل ہے اب موجودہ بی جے پی حکومت نے اعلی ذات کو بھی غربت کی بنیاد پر 10 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے آئین میں ترمیم کی جارہی ہے اور کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے لیکن سوال یہ ہے کہ صرف ایک مخصوص طبقہ کیلئے ہی آئین میں ترمیم کیوں ہورہی ہے۔ سماج کے دوسرے طبقہ کی غربت اور بدحالی دور کرنے کیلئے آئین میں ترمیم کیوں نہی کی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ گوپال سنگھ کمیشن، سچر کمیٹی، رگوناتھ مشرا کمیٹی سمیت تمام رپوٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ مسلمان اس ملک میں تعلیمی ،اقتصادی طور پر سب سے زیادہ پسماندہ ہیں لیکن کبھی بھی مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کے بارے میں نہیں سوچا گیا ۔جب بھی اس طرح کے مطالبات کیئے گئے تو آئین کا حوالہ دیکر بہانہ بنالیا گیا اور کہاگیا کہ آئینی مجبور ی کی وجہ سے مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں دیا جاسکتا ہے اور اس طرح مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کی کوئی کوشش نہیں ہوئی ۔

ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ غربت کا درد یکساں ہوتاہے ۔سماج کے ہرطبقے میں غربت پائی جاتی ہے پھر صرف ایک طبقہ کو غربت کی بنیاد پر ریزویشن اور دوسرے طبقہ کو اس سے کیوں محروم رکھا گیا جس کے بار میں متعدد کمیٹیوں کی واضح رپوٹ آچکی ہے کہ مسلمان اس ملک میں سب سے زیادہ پسماندہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے جہاں سماج کا ایک طبقہ ترقی یافتہ ہو اور دوسرا پسماندہ اور غریب ہوا۔ ملک اور سماج کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ سماج کے سبھی طبقہ میں یکسانیت ہو ، ترقی ، تعلیم ، دولت ، روزگار اور سیاست میں سبھی کی حصہ داری ہو ۔ ارباب اقتدا ر کے ساتھ اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف کی عینک سے دیکھے ۔ محض ووٹ بینک کیلئے کسی طبقہ پر خصوصی توجہ اور کسی کے ساتھ انصافی ملک کی ترقی میں روڑے اٹکانے کے مترادف ہے اور ایسی تمام کوششوں سے ملک متاثر ہوگا ۔یہاں کی ترقی رکے گی ۔ حکمراں جماعت اور اپوزیشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انسانیت کی بنیاد پر ملک کے تمام غریبوں کو ریزرویشن دے کیوں کہ غریب غریب ہوتاہے اس کا درد ایک جیسا ہوتا ہے خوا ہ وہ کسی بھی ذات، مذہب اور علاقے کا ہوا ۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *