ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان میں کانگریس کی حکومت بنے ۔ہندومسلمان کے درمیان سے نفرت ختم ہوگی ۔ہم آرام سے رہیں گے
دبئی نئی دہلی (ملت ٹائمز)
راہل گاندھی نے اپنے دوروزہ دبئی دورے کے دوران ایک میٹنگ دبئی میں کام کرنے والے ہندوستانی مزدوروں کے ساتھ بھی کی ۔اس میٹنگ سے راہل گاندھی نے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں کو حوصلہ دیا اور کہاکہ دبئی کی ترقی اور اس کی عظمت میں آپ ہندوستانیوں کا خون پسینہ شامل ہے ۔آپ کی محنت اور قربانی کے بغیر دبئی دنیا کا سب سے ترقی یافتہ اور مشہور شہر نہیں بن سکتاہے ۔
راہل گاندھی نے اپنے خطاب کے بعد مرزودوروں کو بھی بولنے کا موقع دیا اور ان کی زبانی ان کے مسائل جاننے کی کوشش ۔زیادہ تر مزدوروں نے اس موقع پر کمپنی کی جانب سے وقت پر تنخواہ نہ ملنے اور ایجنٹ کے ذریعہ ہونے والے فریب کا تذکرہ کیا ۔ایک مزدور نے کہاکہ ایجنٹ بہت زیادہ فریب کرتے ہیں اور ہندوستانیوں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑتاہے اس مسئلے پر راہل گاندھی نے پوچھا کہ کیا ہندوستانی سفارت خانہ آپ کی مدد نہیں کرتاہے تو مزدوروں نے نفی میں جوا ب دیتے ہوئے کہاکہ سفارت خانہ سے بالکل ہی ہماری مدد نہیں ہوتی ہے ۔مزدروں نے کانگریس صدر سے بیرون ممالک مقیم ہندوسیانی ملازمین کے مسائل حل کرنے کی درخواست کی جس پر راہل گاندھی نے کہاکہ آپ ہم سے مل کر پورے مسائل بتائیں ہم اپنے منی فیسٹو میںاسے شامل کریں گے ۔
اس موقع پر بنگال کے ایک مسلمان مزدو ر نے راہل گاندھی کے سامنے اپنا درد بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہماری کمپنی نے ہمیں ملازمت سے نکال دیاہے ۔ہمارے پاس دوبچے ہیں ایک لڑکا اور ایک لڑکی دونوں ابھی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔اب کیا ہوگا ہمارا ؟۔کولکاتامیں بھی ہمارے پاس کوئی ملازمت نہیں ہے ۔راہل گاندھی نے اس مزدور کے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا تاہم اس مزدور نے جوش میں مزید آگے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان میں کانگریس کی حکومت بنے ۔ہندومسلمان کے درمیان سے نفرت ختم ہوگی ۔ہم آرام سے رہیں گے ۔راہل گاندھی نے اس تبصرہ پر کچھ بولے بغیر شکریہ ادا کرکے یہ سیشن ختم کردیا ۔
https://www.facebook.com/millattimes/videos/2279599488719347/