ملت ٹائمز کے تیسرے یوم تاسیس پر غالب اکیڈمی میں کل ہند مشاعرہ کا انعقاد ۔ شعرا ءوشاعرات نے پیش کیا اپناکلام
نئی دہلی (محمد معصوم)
غالب اکیڈمی میں گذشتہ کل معروف نیوز پورٹل ملت ٹائمز کے تیسرے یوم تاسیس کے موقع پرمعروف ادیبہ اور خاتون مشرق کی سابق ایڈیٹر محترمہ چشمہ فاروقی نے غالب اکیڈمی اور آل انڈیا ہیومن فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے ایک کل ہند مشاعرہ کا انعقاد کیا جس میں متعددشعراءوشاعرات نے اپنا کلام پیش کیا ،علاوہ ازیں متعدد سیاسی ،سماجی اور صحافی حضرات نے اس موقع پر ملت ٹائمز کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
مشاعرہ کی صدارت اردو اکیڈمی دہلی کے وائس چیرمین پروفیسر شہپر رسول نے کی ۔ یہاں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود سینئر صحافی اے ایو آصف ایڈیٹر ہفت روزہ چوتھی دنیانے ملت ٹائمز کے تین سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ شمس تبریز قاسمی کا جب نام آتا ہے تو ہمیں حسرت موہانی ،مولانا محمد علی اور ابو الکلام آزاد یاد آجاتے ہیں جنہوں نے صحافت کے میدان میں نمایاں کارنامہ انجام دیکر ملک وملت کیلئے عظیم خدمات انجام دی تھی ۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ ملت ٹائمز کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں حالات حاضرہ پر نیوز پیش کرنے کے ساتھ ماہر قانون ،وکلاء،سیاسی وسماجی شخصیات اورتجزیہ نگاروں کے انٹرویوز بروقت پیش کئے جاتے ہیں ۔
ایڈوکیت پلوی شرما قومی ترجمان کانگریس نے ملت تائمز کی کوششوں کوس راہتے ہوئے کہاکہ شمس تبریز قاسمی صاحب سوشل میڈیا میں نمایاں کام کررہے ہیں ۔اب لوگوں کے پاس اتنا وقت نہیں رہ گیاہے کہ وہ باضابطہ اخبارات دیکھیں ۔ اب موبائل پر ہی نیوز پڑھی جاتی ہے اور ایسے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے ملت ٹائمز بہت اچھا کام کررہاہے ، میرا پورا تعاون شمس صاحب کے ساتھ ہے۔
محترمہ رینا بھارتیہ نائب قومی صدر انٹرنیشل ہیومن رائٹس کمیشن فار کرائم اگینسٹ وومین نے کہاکہ ایک میڈیا ہاﺅس چلانا کوئی آسام کا م نہیں ہے ۔میڈیا گھرانے سے میرا تعلق ہے اس لئے مکمل طور پر اندازہ ہے کہ یہ کام کتنا مشکل ہے ۔شمس تبریز قاسمی صاحب قابل مبارکباد ہیں جو مشکل میدان کا انتخاب کرکے ملک کو ایک بہتر سماج دینے کیلئے کام کررہے ہیں ۔مجھے یہاں آکر بے پنا خوشی ہوئی ۔آج تیسری سالگرہ ہے میں انشاءاللہ تیسویں سالگرہ پر بھی آﺅں گی۔
صبیح محمود علیگ سینئر نائب صدر اے ایم یو اولڈ بوائے ایسو سی ایشن نے کہاکہ ملت ٹائمز کو اچھی طرح جانتاہوں ،یہاں ان ایشوز کو اٹھایاجاتاہے جسے مین اسٹریم میڈیا مکمل طو ر پر نظر انداز کردیتاہے ۔ملت ٹائمز نے عام نیوز پورٹل اور ویب سائٹ ہٹ کر اپنا ایک نمایاں مقام پیدا کیاہے جس کیلئے شمس تبریز قاسمی اور اس سے وابستہ تمام افراد قابل مبارکباد ہیں ۔
معروف شاعر معین شاداب نے ملت ٹائمز کو تین سالہ سفرمکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ایک میڈیا ہاﺅس چلانا بہت مشکل ہے ۔قابل مبارکباد ہیں شمس تبریز قاسمی اور ان کے احباب جو یہ مشکل کام کررہے ہیں ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شعبہ اردو کے صدر پروفیسر شہپر رسول وائس چیرمین اردو اکیڈمی نے ملت ٹائمز کے تین سال مکمل ہونے پر غالب اکیڈمی کے تعاون سے مشاعرہ کے انعقاد پر خوشیوں کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کیا اورصحافت کے میدان میں شمس تبریز قاسمی کی خوبیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے صحافتی مشن کی ستائش کی ۔ معروف صحافی ریشما فاروقی اینکر ڈی ڈی نیوز نے ملت ٹائمز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہاں واقعی ایسے مسائل اٹھائے جاتے ہیں جس پر مین اسٹریم میڈیا توجہ نہیں دیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ شمس تبریز قاسمی صاحب کے متعدد انٹریوز اورتجزیاتی پروگرام ہم نے سنے ہیں ،ان کی تحریریں پڑھی ہیں بلاشبہ ان کے دل میں ملک اور قوم کا درد جھلکتاہے اور حالات حاضرہ پر خصوصیت کے ساتھ توجہ دیتے ہیں، وہ جوکام کررہے ہیں اس کی قوم کو سخت ضرورت ہے اور ان کی یہ کوششیں قابل صدمبارکباد ہے ۔
ملت ٹائمز کے بانی ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی نے کہاکہ ملت ٹائمز کے تیسرے یوم تاسیس پر محترمہ چشمہ فاروقی نے ایک مشاعرہ کا انعقاد کرکے ہمارے حوصلہ کو بڑھانے اور پروان چڑھانے کا کام کیا ہے جس کیلئے ہم ان کے تہ دل سے شکرگزار ہیں ۔
ملت ٹائمز کے سب ایڈیٹر منور عالم ملت ٹائمز کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایاکہ ملت ٹائمز کا قیام 18جنوری 2016 میں مولانا رابع حسنی ندوی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے ہاتھوں ممبئی کی سرزمین پر عمل میں آیاتھا ۔ملت ٹائمز کی خدمات اردو کے ساتھ انگلش اور ہندی میں بھی دستیاب ہے ۔ یوٹیوب چینل بھی ملت ٹائمز کا متحرک اور فعال ہے جہاں حالات حاضرہ پر تجزیہ ،انٹرویوز اور نیوز شائع کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ملت ٹائمز کی آواز سوشل میڈیا کے ذرائع سے یومیہ ڈھائی لاکھ لوگوں تک پہونچتی ہے ۔
بزرگ شاعرمتین امروہوی ودیگر شعراءوشاعرات نے اس موقع پر ملت ٹائمز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔قومی یکجہتی اور یوم جمہوریہ کی مناسبت سے اپناخوبصورت کلام پیش کیا ۔ذیل میں پیش ہے منتخب اشعار
ہر ایک شخص ہی جب سے عظیم ہوگیاہے
عظیم لفظ تو جیسے یتیم ہوگیاہے
یہ سچ کی دائمی بے قامتی کا وقت ہے کیا
ہر ایک جھوٹ لحیم وشحیم ہوگیاہے
پروفیسر شہپر رسول
خریدے گا نہیں جب تک کوئی اخبار اردو کا
صحافی کیسے کرپائیں کے بیڑا پار اردو کا
متین امروہوی
وہ سب مقام میری ٹھوکروں پر رہتے ہیں
جہاں جہاں بھی تمہاری جبیں پہونچتی ہے
تیری نگاہ بھی اس دور کی زکوة ہوئی
جو مستحق ہیں انہیں تک نہیں پہونچتی
معین شاداب
کو ن سچائی سے منہ پھیر کر جی سکتاہے
منزلیں پاتے ہیں جس ذرہ سے گزرنے والے
چشمہ فاروقی
زندگی کے کچھ پل اگر مل جائیں تم سے
تو ساری زندگی تمہارے نام کرجائیں
عزیزہ مرزا
دنیا کرے گی تیری بلندی کا اعتراف
تو خود فرش خاک بناکر ذراتو دیکھ
ڈاکٹر صبیحہ ناہید
ہمارے شہر کی خاموشیاں نرالی ہیں
سکوں بخش ہیں چہرے مگر سوالی ہیں
شاہد انور
آنکھوں میں جاگتے رہتے دانوں کے دبگے
دن کی سنہری دھوپ میں کیا سوگئے ہیں ہم
نگار بانو
https://www.facebook.com/stqasmi/posts/2219674371608245
وقت نے چھین لی ہر ایک نشانی مجھے سے
میری آنکھوں میں ابھی تیرا عکس باقی
رعنا رضوی
ہم خواب دیکھتے رہے اور بھولتے گئے
کہنے کو زندگی میں یہی مشغلے ہوئے
فرحین اقبال
عشق نہ کرنے والے آخر کیا جانیں
اس میں کتنا خون پسینہ لگتاہے
نجیب الرحمن
خبر کیا ہے تمہیں ان کی کہ تم ٹھہرے محل والے
سڑک پے بھوکے بچوں کو مچلتے ہم نے دیکھاہے
عابدہ خانم
یہاں آساں ہے سہنا غم کو زمرین
وفاکا بوجھ اٹھانا سخت مشکل
زمرین بدایونی
ادھر سے تمہاری خوشی آرہی ہے
ادھر سے میری جاں جارہی ہے
سدا شری یادو
سر تو جھکتا ہے روز سجدے میں
انگس ابھی نہیں آتی
رضیہ حیدر خان
را س آیا نہیں ہم کو تیرے آتے رہنا
یوں تیرا برسوں تک وعدہ نبھاتے رہنا
دویا جین
مشاعرہ کی نظامت کا فریضہ مشترکہ طور پر محترمہ ریشمافاروقی اور محترمہ رضیہ حیدر نے انجام دیا ۔ ریسرچ اسکالر فیصل نذیر ۔ نثار احمد قاسمی ۔ صحافی جاوید ربانی ۔ محمد افسر علی ۔ انجینئر محمد شاہد انور سمیت متعدد لوگوں نے شرکت کی ۔ قبل ازیں مولانا توصیف قاسمی کی تلاوت سے مشاعرہ کاآغاز ہوا ۔جناب شاہد انور نے نعت نبی پیش کیا ۔ مشاعرہ کی کنوینر محترمہ چشمہ فاروقی نے کلمات تشکر اداکرتے ہوئے کہاکہ ملت ٹائمز نے گذشتہ تین سالوں کے دوران میڈیا اور صحافت کے میدان میں تاریخی اور نمایاں کارنامہ انجام دیاہے ۔مختصر اور محدود وسائل کا استعمال کرکے شمس تبریزقاسمی نے حکومت کے جھوٹ کو بے نقاب کیاہے ۔سماج اور معاشرہ میں بیداری لانے کا کام کیاہے ۔یہاں کی خبریں انتظامیہ ،سماج اور حکومت پر اثر انداز ہوئی ہے اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ شمس تبریز قاسمی کی حوصلہ افزائی کی جائے ان کے کاموں کی ستائش کی جائے جس کے اعزاز میں ہم نے اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر مشاعرہ کا انعقاد کا فیصلہ کیا۔مشاعرہ میں تشریف لانے والے تمام حاضر ین اور مہمانوںکا ہم تہ دل سے شکریہ اداکرتے ہیں ۔
https://www.facebook.com/millattimes/videos/300376787283905/