کیشو پرساد کا متنازع بیان – کہا – اجودھیا میں بابرکے نام کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھی جائے گی

کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ جب سے مرکز میں مودی اور ریاست میں یوگی کی حکومت بنی ہے، تب سے بہت سے مسئلے ختم ہوگئے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ سارے مسائل حل ہوگئے ہیں، لیکن سابقہ حکومت کے مقابلے میں زیادہ ترقی ہوئی ہے۔

سلطان پور: اترپردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ نےکہا کہ اجودھیا میں ہی بھگوان شری رام کے مندر کی تعمیر ہوگی اور وہاں بابرکے نام کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھی جائے گی۔ کیشوپرساد موریہ آج سلطان پورمیں واقع پنت اسٹیڈیم میں منعقد خواتین والی بال چیمپئن شپ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

کیشو پرساد موریہ نے مزید کہا کہ اجودھیا میں ہی شری رام مندرکی تعمیرہوگی۔ یہ سبھی چاہتے ہیں کہ اجودھیا میں جلد از جلد شری رام کا مندر بنے۔ اس کی مخالفت کرنے والے اب کہہ رہے ہیں کہ نریندرمودی نے مندرکےلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ہائی کورٹ میں حلف نامہ کیوں دے دیا۔ وہ تورام بھکت کے ساتھ  ساتھ قومی بھکت بھی ہیں، لیکن ہم آپ سب کو یقین دلادیں کہ رام للا کی جنم بھومی پر ہی رام مندرکی تعمیرہوگی، وہاں بابر کے نام پر ایک بھی اینٹ نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مخالفت کرنے والےایک طرف کہتے ہیں کہ بی جے پی مندرنہیں بنا رہی ہے اوردوسری طرف سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے کی سماعت 2019 کے انتخابات کے بعد ہونی چاہئے۔ یہ ان کے لئے انتخابی موضوع ہوگا، لیکن یہ ہماری آستھا سے وابستہ ہے۔ ہم ملک کے مفاد میں جوہوگا وہ کریں گے۔

کیشوپرساد موریہ نے کہا کہ جب سے مرکزمیں مودی اور ریاست میں یوگی کی حکومت بنی ہے، تب سے بہت سے مسئلے ختم ہوگئے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ سارے مسائل حل ہوگئے ہیں، لیکن سابقہ حکومت کے مقابلے میں زیادہ ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے بی ایس پی اورایس پی کےگٹھ بندھن پرکہا کہ یہ اتحادعوام کے مفاد میں نہیں بلکہ اپنے مفاد کے لئے کیا گیا ہے۔