دہلی: (ملت ٹائمز ) ایس آئی او آف انڈیا دہلی زون کی جانب سے مسئلہ فلسطین پر ایک پبلک پروگرام کا انعقاد انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز نئی دہلی میں یکم فروری کو کیا گیا۔ یہ پبلک پروگرام کویت سے تشریف لائے فلسطینی علماء کے اعزاز میں رکھا گیا۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے صدر ایس آئی او دہلی زون ابوالاعلی سید سبحانی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ہر ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، اور اس وقت یہ مسئلہ امت مسلمہ اور عالم اسلام کے مسائل میں اپنی نوعیت کے اعتبار سے سرفہرست مسئلہ ہے۔ اور حقیقت یہ ہے کہ یہ مسئلہ امت کے عام وخاص ہر ایک کی نظر میں یکساں اہمیت رکھتا ہے اور ہر ایک کے لیے فکرمندی کا باعث ہے۔ اس موقع پر کویت سے تشریف لائے فلسطینی عالم ڈاکٹر ابراہیم نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے تعلق سے دنیا بھر میں غلط فہمیاں عام کی جارہی ہیں، اور یہ غلط فہمیاں بدقسمتی سے ہماری امت کے درمیان بھی عام ہوتی جارہی ہیں۔ ضرورت ہے کہ ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے اور بڑے پیمانے پر مسئلہ فلسطین کے تعلق سے بیداری عام کی جائے۔ کویت سے تشریف لائے دوسرے فلسطینی عالم شیخ یوسف علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سماج میں ایک فکرمند وجود رکھیں، آپ کے سماج کے مسائل آپ کے اپنے مسائل ہوں اور ان کو حل کرنے کے سلسلے میں آپ سرگرم بھی ہوں، لیکن امت کے سب سے بڑے مسئلہ سے قلب غافل بالکل نہ ہوں۔ رب سے دعائیں کریں اور اس عزم کو اپنے اندر تازہ رکھیں کی ایک نہ ایک دن ہم مسجد اقصی میں نماز ادا کریں گے۔ اس موقع پر صدارتی خطاب جنرل سکریٹری ایس آئی او آف انڈیا جناب سید اظہر الدین صاحب نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی مسلمان اوّل روز سے مسئلہ فلسطین سے وابستہ رہے ہیں اور ہندوستان کا فلسطین سے بہت ہی قدیم اور بامقصد رشتہ رہا ہے۔ اس پروگرام کی نظامت اسامہ اکرم صاحب نے فرمائی۔