دبئی(آئی این ایس انڈیا)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم پیر کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دوسرے مقام پر پہنچ گئی جبکہ کپتان وراٹ کوہلی اور تیز گیند باز جسپریت بمراہ بالترتیب بلے بازوں اور گیند بازوں کی فہرست میں ٹاپ برقرار ہیں۔آئی سی سی نے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے 122 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور ٹیم انگلینڈ (126) کے بعد دوسرے نمبر پر چل رہی ہے۔گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت مہندر سنگھ دھونی کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے۔وہ اس سیریز کے بہترین کھلاڑی منتخب ہوئے تھے۔آسٹریلیا کے خلاف تین نصف سنچری لگانے والے دھونی تین مقام کے فائد کے ساتھ 17 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 12 وکٹ لینے والے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان نے یہ سیریز 4-1 سے جیتی- بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز بولٹ نے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بہترین بولنگ کی بدولت 21 رن پر پانچ وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔انہیں سات مقام کا فائدہ ہوا ہے۔بولٹ جنوری 2016 میں گیند بازوں کی درجہ بندی میں سب سے اوپر تھے اور اب ان کے پاس ایک بار پھر ٹاپ مقام حاصل کرنے کا موقع ہے۔اب ان سے آگے صرف بمر اہ اور افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان ہیں۔لیگ اسپنر چہل (ایک مقام کے فائد سے پانچویں نمبر پر) اور فاسٹ بولر بھونیشور کمار (چھ مقام کے فائد سے 17 ویں مقام پر) کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے۔اس تازہ ترین درجہ بندی کے دوران نیوزی لینڈ سیریز سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی ون ڈے سیریز، جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز اور متحدہ عرب امارات اور نیپال کے درمیان تین میچوں کی سیریز کی کارکردگی کو بھی ذہن میں رکھی گئی ہے۔کوہلی کی قیادت والی بیٹنگ رینکنگ میں کیدار جادھو (آٹھ مقام کے فائد کے ساتھ 35 ویں مقام پر) کو بھی فائدہ ہوا ہے۔جنوبی افریقہ کے بلے بازوں میں ڈی کاک (ایک مقام کے فائد سے آٹھویں)، ہاشم آملہ (تین مقام کے فائد سے 13 ویں) اور ہینڈرکس (36 مقام کے فائد سے 94 ویں) بیٹنگ رینکنگ میں آگے بڑھے ہیں جبکہ بولنگ رینکنگ میں اینڈلے 19 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ڈوائن پروٹوریئرس 53 ویں سے 44 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم جنوبی افریقہ کے پیچھے چوتھے نمبر پر کھسک گئی ہے۔نیپال کو درجہ بندی میں جگہ ملی ہے اور یو اے ای پر 2-1کی جیت کے بعد دونوں ٹیموں کے 15 پوائنٹس ہیں۔یو اے ای بہتر پوزیشن کی وجہ سے 14 ویں جبکہ نیپال 15 ویں نمبر پر ہے۔