جموں و کشمیر میں سی آر پی ایف پر گرینیڈ حملہ کی خبر سامنے آئی ہے۔ یہ حملہ سری نگر میں لال چوک کے پاس کیا گیا ہے۔ اس علاقہ کو بند کردیا گیا ہے۔
جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے قلب تاریخی لال چوک میں پلیڈیم سنیما کے نزدیک مشتبہ جنگجوؤں نے اتوار کی شام ایک پولیس پارٹی کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا ، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں اور ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوؤں نے اتوار کی شام پلیڈیم سنیما کی بوسیدہ عمارت کے سامنے کھڑی ایک پولیس پارٹی کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا۔ انہوں نے بتایا کہ زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹنے والے اس گرینیڈ کی وجہ سے دو پولیس اہلکاروں اور ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے ، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ گرینیڈ حملے کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور فورسز کے سینئر افسران نے جائے واقعہ کا معائنہ کیا۔