کشمیر: کولگام میں مسلح تصادم، 5 ملی ٹینٹ ہلاک، 8 عام شہری اور 4 سیکورٹی اہلکار زخمی

مسلح تصادم کے دوران مقامی لوگوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھڑک اٹھی ہیں، فورسز نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور چھرے والی بندوقوں کا استعمال کیا ہے۔
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کیلم علاقہ میں جاری مسلح تصادم میں 5 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم ختم ہوچکا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق انکاؤنٹر کے دوران مقامی لوگوں کی سنگ باری میں 4 سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں 8 عام شہری بھی زخمی ہو گئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے دوران مقامی لوگوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھڑک اٹھی۔ فورسز نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور چھرے والی بندوقوں کا استعمال کیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع کولگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ اس کے علاوہ سری نگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس بھی معطل رکھی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جاری مسلح تصادم میں اب تک تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک شدہ ملی ٹینٹوں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ ادھر میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہلاک ہونے والے ملی ٹینٹوں کی تعداد 5 ہو چکی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے کیلم نامی علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 9 آر آر، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک مکان میں چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین مسلح تصادم ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے ایک وسیع علاقے کا محاصرہ کیا گیا تھا۔