راجناتھ سنگھ اور جموں و کشمیر کے گورنر نے پیش کی جاں بحق ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت، پاکستانی ہائی کمشنر سے سخت کارروائی کا مطالبہ

مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ، جموں و کشمیر کے گورنرستیہ پال ملک اور فوج کے شمالی چیف لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے پلوامہ حملے میں ہلاک ہوئے سی آرپی ایف جوانوں کو بڈگام میں خراج عقیدت پیش کی۔ راجناتھ سنگھ اس سے قبل سری نگر پہنچے۔ ان کے ہمراہ داخلہ سکریٹری راجیو گوبا بھی موجود تھے، جس جگہ پردہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔

خارجہ سکریٹری گوکھلے نے جمعہ کو پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود کو طلب کیا۔ ذرائع کے مطابق خارجہ سکریٹری نے سہیل محمود سے کہا کہ پاکستان کو جیش محمد کے خلاف فوری اور قابل اعتماد کارروائی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردانہ تنظیم اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث لوگوں پر نکیل کسنی ہوگی۔

وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ اور جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے جاں بحق سی آرپی ایف جوانوں کو کندھا دیا۔ جاں بحق جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد سی آرپی ایف کیمپ میں ‘ ویر جوان امر رہے ‘ کے نعرے گونجے۔

اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ پلوامہ جیسے حملوں کا پورا ملک ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ میں سبھی جاں بحق جوانوں کی آتما کو خراج پیش کرتے ہوئے ملک کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے ہم اپنی زندگی کا لمحہ لمحہ صرف کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے سیکورٹی اہلکاروں کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے، میں دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرپرستوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بہت بڑی غلطی کرچکے ہیں، اس حملے کے جو گنہگار ہیں، انہیں اس کی سزا ضرور ملے گی’۔

جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سی آرپی ایف پرہوئے بڑے دہشت گردانہ حملے پر سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ہمارے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ پوری طرح سے کھڑی ہے۔ ہم قوم کو متحد رکھنے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ آج سوگ کا دن ہے۔ ہمارے ملک نے تقریباً 40 جوانوں کو کھودیا ہے اور ہمارا سب سے بڑا فرض ہے کہ ہم ان کے اہل خانہ کو بتائیں کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ہم کبھی بھی دہشت گردانہ طاقتوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ کیا ہے، ان کو یہ نہیں لگنا چاہئے کہ وہ اس ملک کو تھوڑی سی بھی چوٹ پہنچا سکتے ہیں۔ ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ ملک ان چیزوں کو بھولتا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک کو تقسیم کرنے اور توڑنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن ہم متحد ہیں اور متحد رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پردہشت گردانہ حملہ ملک کی آتما پر حملہ ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پورا اپوزیشن اور ملک حکومت کے ساتھ ہے۔ پلوامہ کا دہشت گردانہ حملہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اس ملک کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا۔